Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / عدم رواداری ہرمحب وطن ہندوستانی کا بدترین جرم

عدم رواداری ہرمحب وطن ہندوستانی کا بدترین جرم

علامتی طور پر ایوارڈس واپس کرنے پر آمادگی ‘ 50ویں سالگرہ پر شاہ رخ خان کا اظہار خیال

ممبئی ۔2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان آج 50سال کے ہوگئے اور اس موقع پر انہوں نے ملک میں عدم رواداری کے ماحول اور انتہائی عدم رواداری پر دانشوروں کے احتجاج میں اپنی آواز شامل کرنے کا اعلان کیا ۔ عدم بڑھتی ہوئی عدم رواداری اور فلم سازوں‘ مصنفین اور سائنسدانوں کی جانب سے ایوارڈس کی واپسی پر اپنے احساسات ظاہر کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ بھی علامتی طور پر اپنے ایوارڈس واپس کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایوارڈ واپس کرنے کی ضرورت پیش آئے تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ شاہ رخ خان کو پدم شری کا اعزاز بھی مل چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حماقت ہے ۔ عدم رواداری صرف ایک بڑا مسئلہ نہیں بلکہ مذہبی تعصب اور سیکولر نہ ہونا اس ملک میں ہر محب وطن ہندوستانی کا بدترین جرم ہے ۔ اس سوال پر کہ کیا وہ اپنا پدم شری ایوارڈ بھی واپس کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مطلب یہ ہے کہ علامتی طور پر وہ یقیناً ایسا کریں گے ‘ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا کہ وہ ان تمام احترام کرتے ہیں جو ایوارڈس واپس کرچکے ہیں لیکن ان کے خیال میں ان کیلئے ایسا کرنا ضروری نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولرملک ہے ‘ لوگ بے سوچے سمجھے اظہار خیال کرتے ہیں ۔غالباً گذشتہ دس سال سے یا اس سے بھی زیادہ عرصہ سے ایسا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی عدم رواداری اظہارتشویش کیا ۔ اداکاروں کے احتجاج میں حصہ نہ لینے اور اپنی آواز نہ اٹھانے پر تنقیدکا جواب دیتے ہوئے انہوں نے پُرزور انداز میں کہا کہ ایک فلمی ستارہ ہونے کی وجہ سے ہر اخلاقی وجہ پر کوئی موقف اختیار کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ ممکن ہے کہ ہم آزادی تقریر بات کریں لیکن جو لوگ باہر سے میرے گھر میں داخل ہوجائیں یا سنگباری کریں اُن کے بارے میں اگر میں کوئی موقف اختیار کروں تو کون میرے ساتھ ہوگا ۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ایسا کوئی نہیں کرے گا اور اس کی وجہ سے وطن سے اُس کی محبت مشکوک ہوجائے گی ۔ آج علی الصبح سے ہی اُن کی 50ویں سالگرہ پرمبارکباد دینے ان کے بنگلہ ’’ منت‘‘ کے سامنے اُن کے مداحوں کا ہجوم جمع ہوگیا تھا ۔ شاہ رخ خان سڑک پر نکل آئے ‘بعدازاں انہوں نے فیس بُک پر اپنے مداحوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی محبت دیکھ کر میری انکساری میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان کی شریک حیات گوری خان نے شاہ رخ خان کی ایک تصویر فیس بُک پر شائع کی ‘ اس میں شاہ رخ خان اپنی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں جب کہ شاہ رخ خان نے اپنے پیام میں کہا کہ میری سالگرہ پر مداحوں نے جس محبت کا اظہار کیا ہے اس سے میری انکسار میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے اپنے تمام مداحوں سے اظہار تشکر کیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ہندوستان اس وقت تک سوپر پاؤر نہیں بن سکتا جب تک کہ تمام مذاہب کو مساوری نہ سمجھے۔

TOPPOPULARRECENT