Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / عدم کارکردگی پر خادم الحجاج کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

عدم کارکردگی پر خادم الحجاج کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

محنت و جستجو کے ساتھ خدمات انجام دینے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کی ہدایت
حیدرآباد 18 اگست ( پریس نوٹ ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ریاست کے خادم الحجاج کو ہدایت دی ہے کہ وہ عازمین کی روانگی سے لے کر ان کی واپسی تک ان کی بہتر سے بہتر طریقہ پر مدد و رہنمائی کرتے رہیں اور محنت و جستجو کے ساتھ خدمات انجام دیں تاکہ کسی کو کسی قسم کی شکایت کا موقعہ نہ ملے۔ دفتر حج کمیٹی میں خادم الحجاج کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے خادم الحجاج کی ذمہ داریوں اور فرائض سے واقف کروایا اور کہا کہ عازمین حج کو خادم الحجاج سے کافی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں اور وہ سعودی عربیہ میں حکومت اور حج کمیٹی کے نمائندے سمجھے جاتے ہیں اور ان کو اسی حیثیت میں خدمات انجام دینا ہوتاہے۔ اگر خادم الحجاج اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے غفلت کریں وقت پر عازمین حج کے لئے دستیاب نہ رہیں۔ تو حج کمیٹی ان کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور ہوجائے گی ۔ ان کو نہ صرف بلیک لسٹ کیا جائے گا بلکہ ان پر جو مصارف عائد ہوئے ہیں وہ ان سے وصول کرلئے جائیں گے۔ انہو ںنے مزید کہا کہ عازمین حج جن عمارتوں میں قیام کریں گے اس عمارت میں مقیم تمام عازمین حج کو ان کے فون نمبرس دے دئے جائیں گے اور بلڈنگ کے آفس کے پاس ان کے نام اور فون نمبر کے اسٹیکرز بھی لگا دیئے جائیں۔ بیماری‘ حادثہ ‘ رقم یا سامان کھوجانے ‘ کسی عازم حج کے بچھڑ جانے اور اموات کی صورت میں خادم الحاج ان کی مدد کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT