Sunday , August 20 2017
Home / عرب دنیا / عراقی فورسز کیلئے رمادی پر قبضہ کا موزوں وقت : اتحادی ترجمان

عراقی فورسز کیلئے رمادی پر قبضہ کا موزوں وقت : اتحادی ترجمان

بغداد 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شدت پسند گروپ داعش کے خلاف امریکہ کی زیرقیادت اتحاد نے کہا ہے کہ عراقی فورسز کے لیے رمادی کا قبضہ داعش سے چھڑوانے کی “حتمی کوشش” کے لیے وقت موزوں ہے۔اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل اسٹیو وارنر نے بغداد سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ عراقی سکیورٹی فورسز انبار صوبے کے اس مرکزی شہر کے گرد اپنا محاصرہ تنگ کر رہی ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انھوں نے تقریباً 15 کلومیٹر تک پیش قدمی کی ہے۔اس سے قبل یہ پیش قدمی شدید گرم موسم، ماہ رمضان اور پھر حج کی وجہ سے سست روی کا شکار رہی تھی۔ان کے بقول اس پیشرفت میں امریکی اتحاد کی طرف سے کی گئی فضائی کارروائیوں سے بھی مدد ملی ہے جس نے گزشتہ دس روز کے دوران رمادی کے قریب 52 فضائی حملے کیے۔”بڑھتی ہوئی فضائی قوت، انٹیلی جنس اور نگرانی کی مدد سے انھیں (عراقی فورسز) حالیہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ اب حتمی کوشش کا وقت آگیا ہے۔وارنر نے کہا کہ عراقی فورسز نے رمادی کا محاصرہ کر رکھا ہے اور اب انھیں احتیاط کے ساتھ جنگ کرنا ہوگی۔امریکہ کا اندازہ ہے کہ رمادی میں داعش کے 600سے 1000تک جنگجو موجود ہو سکتے ہیں لیکن وارنر کے بقول ان (شدت پسندوں) کے پاس کافی وقت تھا کہ وہ یہاں خندقیں کھودیں، بارودی سرنگیں بچھائیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کریں۔جاریہ سال داعش کی کارروائیوں میں رمادی پر ان کے قبضے کو سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے اور اسی تناظر میں امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر میں کہا تھا کہ اس سے عراقی فورسز کی طرف سے “جنگ لڑنے کے عزم میں کمی” کا اظہار ہوتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT