Wednesday , September 20 2017
Home / عرب دنیا / عراق میں دولت اسلامیہ نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے: جرمن حکام

عراق میں دولت اسلامیہ نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے: جرمن حکام

بغداد ۔ 14 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے شمالی عراق میں کردوں کے خلاف حملے میں مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔ جرمنی کے حکام کا کہنا ہے کہ جاریہ ماہ کے آغاز میں عراق کے شہر اربیل میں ہونے والے حملے کے بعد کرد فوجیوں کو سانس لینے میں دشواری ہوئی ہے۔ انھوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ دولتِ اسلامیہ نے کونسا کیمیکل استعمال کیا ہے لیکن امریکی حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ اْن کے خیال میں شدت پسندوں نے مسٹرڈ ایجنٹ استعمال کیا ہے۔ اس سے قبل تنظیم دولتِ اسلامیہ پر کرد فوج کے خلاف کلورین گیس استعمال کرنے کا الزام تھا۔ امریکی حکام نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ دولتِ اسلامیہ نے عراق کے ہمسایہ ملک شام سے مسٹرڈ ایجنٹ حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل شام کی حکومت نے کہا تھا کہ اْس نے کیمیائی ہتھیاروں کا تمام ذخیرہ تلف کر دیا ہے۔ سابق عراقی صدر صدام حسین نے کردوں اور ایران کے خلاف جنگ میں مسٹرڈ ایجنٹ جیسے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تھے۔امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اس بارے میں آگاہ ہیں اور معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مسٹرڈ ایجنٹ کے استعمال سے آنکھیں اور جلد میں شدید جلن ہوتی ہے اور سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT