Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / عراق کی خصوصی فورسیس ‘ فلوجہ کے مرکز سے صرف تین کیلومیٹر دور

عراق کی خصوصی فورسیس ‘ فلوجہ کے مرکز سے صرف تین کیلومیٹر دور

فلوجہ 10 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کی ایلیٹ انسداد دہشت گردی افواج کے دستے وسطی فلوجہ سے تین کیلومیٹر کے فاصلے تک پہونچ گئے ہیں اور شہر کے جنوب میں انہوں نے اپنے ٹھکانوں کو مستحکم کرلیا ہے ۔ اس فوجی کارروائی کے کمانڈر نے یہ بات بتائی ۔ شہر کے شہدا علاقہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی نے کہا کہ فلوجہ شہر پر قبضہ بحال کرنے فوج کی مہم اچھے انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور فوج نے اپنے ٹھکانوںکو بھی مستحکم اور مضبوط بنالیا ہے ۔ دولت اسلامیہ نامی گروپ نے اس شہر پر قبضہ کرلیا تھا اور سمجھا جاتا ہے کہ یہ اس کیلئے اہمیت کا حامل شہر تھا ۔ السعدی نے کہا کہ آئی ایس گروپ چاہتا ہے کہ شہر کے باہر لڑائی ہو تاہم ہم آگے بڑھنے میں کامیاب رہے ہیں اور شہر کے بیرون بیشتر علاقہ پر اپنا قبضہ اور کنٹرول بحال کرلیا ہے ۔ یہ ساری کارروائی آٹھ دن میں ہوئی ہے ۔ انہوں نے اپنے کمپیوٹر میں لڑائی کے نقشہ کو اجاگر کرتے ہوئے وہ مقامات بتائے جہاں سرکاری افواج پہونچ گئی ہیں اور فلوجہ کے جنوب میں واقع علاقہ میں اس کا اجتماع دکھایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی افواج فلوجہ کے مرکز سے صرف تین کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور بہت جلد ان کی فوج وہاں تک پہونچ جائیگی اور اس پر قبضہ بحال کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ چند ہی دن میں فلوجہ پر ان کی افواج کا قبضہ ہوجائیگا اور اس کیلئے زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا ۔ یہاں فوجی کارروائی کے دوران کچھ مقامات پر آگ کے شعلے بھی بلند ہوتے ہوئے دیکھے گئے جبکہ کچھ مقامات اور عمارتوں سے آئی ایس کے دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT