Saturday , September 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عرس حضرت جہانگیر پیراںؒ کا آج سے آغاز

عرس حضرت جہانگیر پیراںؒ کا آج سے آغاز

سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کا دورہ اور زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے انتظامیہ کو ہدایت
شاد نگر ۔ /20 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روح دکن بارگاہ حضرت سیدنا جہانگیر پیراںؒ و حضرت سیدنا برہان الدین اولیاءؒ واقع نیمن نروا کتور منڈل تعلقہ شاد نگر ۔ ضلع محبوب نگر کے سہ روزہ عرس تقاریب کا /21 جنوری بروز جمعرات بعد نماز عصر سماع خانہ درگاہ سے صندل مالی جلوس برآمد ہوکر قبل از مغرب جلوس کی شکل میں درگاہ شریف پہونچے گا ۔ مراسم صندل مالی کی رسم سید عمر جلیل آئی اے ایس سکریٹری اقلیتی بہبود انجام دیں گے ۔ بعد نماز مغرب عام و خاص طعام کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نعتیہ مشاعرہ و قوالی مقرر ہے ۔ /22 جنوری بروز جمعہ بعد نماز مغرب طعام عام و خاص اور بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء اللہ و اسکولی بچوں کا تعلیمی مظاہرہ کے بعد طلباء میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ بعد جلسہ و انعامات قوالی کا اہتمام ہوگا ۔ /23 جنوری بروز ہفتہ بعد نماز ختم قرآن مجید و تقسیم و تبرکات کے ساتھ سہ روزہ عرس تقاریب کا اختتام ہوگا ۔ دریں اثناء زائرین کو بہترین سہولتیں مہیا کرنے عرس انچارج سید متین احمد ، او ایس ڈی سلطان محی الدین اور درگاہ کے ملازمین کے علاوہ مقامی سرپنچ کو سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ہدایت دی ۔ سید عمر جلیل سکریٹری اقلیتی بہبود نے اچانک درگاہ شریف پہونچکر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ذمہ دار عہدیداروں سے معلومات حاصل کی ۔ سید عمر جلیل نے درگاہ کی مسجد میں نماز ظہر ادا کرنے کے بعد وقف بورڈ کے عہدیداروں کو عرس تقاریب کے آغاز سے قبل درگاہ کی مسجد میں نئے جانمازیں ڈالنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر سید عمر جلیل نے صندل کے موقع پر درگاہ شریف پر چڑھائے جانے والی چادر کا مشاہدہ کیا اور عرس انچارج عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے عرس کے موقع پر 10 کنٹل چاول پکانے کے بجائے 15 کنٹل یا پھر ضرورت پڑنے پر 20 کنٹل بھی چاول پکانے پر زور دیا ۔ پینے کے پانی کیلئے اہم مقامات پر واٹر ٹینک عارضی طور پر رکھنے کی ہدایت دی ۔ بیت الخلاء کا بھی معقول بندوبست کرنے پر زور دیا ۔ درگاہ کی مسجد میں  فوری واٹر ٹینک نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ عرس کے انچارج اور وقف بورڈ کے عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زائرین کو بہترین سہولتیں مہیا کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں ۔ اس موقع پر مقامی عوام اور زائرین نے درگاہ شریف کے قریب موجود غلوں کی منتقلی کیلئے توجہ دلانے پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے درگاہ کے احاطہ پہونچ کر معائنہ کرتے ہوئے غلوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے ریاستی وقف بورڈ سی ای او سید اسد اللہ کو توجہ دلانے کا تیقن دیا ۔ سہ روزہ عرس تقاریب کے موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کرنے پر زور دیا ۔ عرس کے موقع پر والینٹرس کو متعین کرنے پر بھی زور دیا ۔ عرس شریف کے بہترین انتظامات کی انجام دہی کیلئے سکیرٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اعلان کے مطابق 10 لاکھ روپیوں کا چیک وقف بورڈ کے حوالے کردیا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT