Wednesday , October 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عرس حضرت جہانگیر پیراں ؒ کا 21جنوری سے آغاز

عرس حضرت جہانگیر پیراں ؒ کا 21جنوری سے آغاز

سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور سی ای او وقف بورڈ سید اسد اللہ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

شاد نگر۔/6جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کی مشہور و معروف درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ و حضرت برہان الدین اولیاءؒ کے سہ روزہ عرس تقاریب کا 21جنوری سے آغاز ہوگا۔ زائرین کو بہترین سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں آج اچانک سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، سی ای او وقف بورڈ سید اسد اللہ اور وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیا۔ قبل ازیں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، سی ای او سید اسد اللہ، رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو کے علاوہ مقامی سیاسی قائدین اور وقف بورڈ کے عملہ نے درگاہ شریف پر حاضری دیتے ہوئے چادر گل و فاتحہ خوانی کی۔  بعد ازاں درگاہ شریف کے دفتر میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مقامی رکن اسمبلی انجیا یادو، وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی عوام کے ساتھ عرس کے بہترین انتظامات کی انجام دہی پر غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی انجیا یادو اور مقامی عوام نے زائرین کو درپیش مشکلات کے متعلق سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کو توجہ دلائی۔ سید عمر جلیل نے مسائل کی سنجیدگی کے ساتھ سماعت کے بعد کہا کہ عرس شریف کے انتظامات، آہک پاشی اور دیگر اُمور کی انجام دہی کیلئے ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے 5لاکھ روپیوں کی منظوری دی گئی ہے اور زائرین کو بہتر سے بہتر سہولت مہیا کرنے کیلئے سید عمر جلیل نے مزید 10لاکھ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عرس کے موقع پر زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔ نمائندہ سیاست شاد نگر منصور علی خان نے درگاہ شریف میں مختلف مسائل کے متعلق توجہ دلانے پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ایک کے بعد ایک کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وقف بورڈ کے تحت چلنے والے اردو میڈیم ہائی اسکول کو ایک بہترین ماڈل اسکول میں تبدیل کیا جائے گا، ایک پولیس آؤٹ پوسٹ قائم کرنے کا تیقن دیا۔ درگاہ کے انتظامات کی انجام دہی کیلئے اسٹاف کی کمی کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ درگاہ شریف کی مسجد میں خدمت انجام دینے والے امام و خطیب، مؤذن اور دیگر اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمرجلیل سے تحریری نمائندگی پر اضافہ کرنے کا تیقن دیا۔ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے خریدی گئی 25ایکر اراضی کا جلد از جلد سروے کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ درگاہ شریف میں درکار ترقیاتی کام کی انجام دہی کیلئے جامع منصوبہ بنانے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جارہا ہے۔ درگاہ شریف کی سڑکوں کو 4لائن سڑک سے مربوط کرنے کا منصوبہ ہے۔عرس شریف کے بہترین انتظامات کیلئے عنقریب متعلقہ تمام سرکاری عہدیداروں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ درگاہ شریف میں جدید و عصری سی سی کیمرے نصب کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سات ماہ سے درگاہ شریف راست وقف بورڈ کی نگرانی میں ہے۔ اس کے باوجود درگاہ میں واقع غلوں میں جمع شدہ رقم کی ابھی تک گنتی نہیں کی گئی۔ اس بات کی توجہ دلانے پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے سی ای او وقف بورڈ سید اسد اللہ کو ہدایت دی کہ فوری غلوں میں جمع شدہ رقم کی گنتی کروائیں۔ اس موقع پر سید متین احمد پراجکٹ آفیسر وقف بورڈ، محمد قاسم ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ، سلطان محی الدین، وقف انسپکٹر محبوب نگر محمد غوث، درگاہ منتظم محمد محمود، کتور منڈل تحصیلدار سی ایچ ناگیا، شیونائک، گوپال نائیک کے علاوہ مقامی سیاسی قائدین اور عوام موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT