Tuesday , April 25 2017
Home / شہر کی خبریں / عرس شریف حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے لیے حکومت تلنگانہ سے خصوصی غلاف کی روانگی

عرس شریف حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے لیے حکومت تلنگانہ سے خصوصی غلاف کی روانگی

چیف منسٹر کے سی آر کی نیک تمنائیں ، ٹی آر ایس بھون سے محمد محمود علی نے وداع کیا
حیدرآباد۔3 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے اجمیر شریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس کے موقع پر خصوصی غلاف روانہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی جانب سے یہ غلاف آج شام اجمیر کے لیے روانہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈپٹی میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بابا فصیح الدین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی غلاف کے ساتھ روانہ ہوئے۔ توقع ہے کہ آج رات یا منگل کی صبح غلاف پیش کردیا جائے گا۔ قبل ازیں ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے خصوصی غلاف کو عہدیداروں کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، ارکان قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، محمد سلیم، نارا لکشمن داس، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، صدرنشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ یوسف زاہد، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین، ٹی آر ایس سینئر قائدین ارشد علی خان، صوفی سلطان شطاری، محمد منیر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ امام مکہ مسجد حافظ محمد عثمان نے اس موقع پر فاتحہ خوانی اور دعا کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT