Tuesday , October 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / عرفان اور پانڈے نظرانداز ، ورلڈکپ اور ایشیاکپ کیلئے ٹیم کا اعلان

عرفان اور پانڈے نظرانداز ، ورلڈکپ اور ایشیاکپ کیلئے ٹیم کا اعلان

نئی دہلی ۔ 5 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ایشیاء کپ اور ہندوستان میں کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں توقعات کے برعکس سید مشتاق ٹوئنٹی 20 ٹروفی میں بروڈہ کیلئے شاندار کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر عرفان پٹھان اور دورۂ آسٹریلیا میں ہندوستانی ٹیم کو ایک شاندار کامیابی دلوانے میں ناقابل تسخیر سنچری کے ذریعہ کلیدی رول ادا کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین منیش پانڈے کو نظرانداز کردیا گیا۔ معلنہ ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں یوراج سنگھ ، ہربھجن سنگھ اور آشیش نہرا کو موقع دیا گیا جبکہ جسپریت بُمبرا اور ہاردیک پانڈیا کو حیران کن طورپر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ ان دو کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے دورہ پر متاثر کن مظاہرے کئے ہیں۔

یہاں منعقدہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے ٹیم کا اعلان کیا ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے چیرمین سندیپ پٹیل نے کہاکہ بہترین 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا گیا جس میں تجربہ کار سینئر کھلاڑیوں کے علاوہ اُبھرتے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں جہاں آشیش نہرا کو موقع دیا گیا وہیں حالیہ دنوں میں ٹیم کے مستقل رکن رہنے والے فاسٹ بولروں کی جوڑی ایشانت شرما اور بھونیشور کمار کو بھی نظرانداز کردیا گیا ۔ ایشیاء کپ کا انعقاد بنگلہ دیش میں 24 فبروری تا 6 مارچ منعقد ہورہا ہے جس کے بعد 8 مارچ تا 3 اپریل ہندوستان آئی سی سی ٹوئنی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے ۔ پٹیل نے مہندر سنگھ دھونی کی قیادت پر بھروسہ ظاہر کیا ہے حالانکہ حالیہ سیزن میں دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو ملے جلے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم رواں ماہ سری لنکا کیخلاف تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20سیریز کھیلے گی ۔ ٹیم کے انتخاب سے قبل میڈل آرڈر بیٹسمین اجنکیا رہانے بحث کا موضوع تھے جنھیں موقع دیا گیا ۔ معلنہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اوپر دی گئی تصویر میں ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT