Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عشق نبیؐ سے قلوب کو منور کرنے کی تلقین

عشق نبیؐ سے قلوب کو منور کرنے کی تلقین

ظہیرآباد۔ 16 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عظمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ہی اہلسنت کا دارومدار ہے۔ صحابہ و اہل بیت کی محبت کے ساتھ اعمال صالحہ کرتے ہوئے اپنے ایمان کو مضبوط کریں۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کئی فتنے و فرقے پیدا ہوئے۔ صحابہ کرامؓ نے فتنہ گستاخانِ رسول کا منہ توڑ جواب دیا جس میں منکر ختم نبوت کے فتنہ کے خلاف سیدنا ابوبکر صدیق ؓ نے باضابطہ جنگ کیا۔ اللہ کے رسولؐ نے صحابہ کرام کو توحید و رسالت سے ان کے قلوب کو نورِ الٰہی سے لبریز کیا۔ یہی وجہ تھی کہ وہ صحابہ اپنی جانوں اور اولاد کو نبی رحمتؐ پر قربان کیا۔ جلسہ عظمت مصطفی ؐبمقام نزد سلیم چشتی مسجد گراؤنڈ ظہیرآباد میں زیراہتمام تنظیم رضائے مصطفیؐ سے مولانا محمد فاروق خاں رضوی بیرونی مہمان معروف اسکالر نے اپنے مخصوص انداز میں بڑے ٹی وی اسکرین پر دنیا کے مختلف فتنوں و دشمنان اسلام سے واقف کرواتے ہوئے امت مسلمہ کو یہ دعوت دی کہ عشق رسولؐ سے اپنے اور اپنے گھر والوں کو اور آنے والی نئی نسلوں کو واقف کروائیں۔ آج ساری دنیا میں دشمنان اسلام، نبی کریمؐ کی تعلیمات کو بگاڑ کر پیش کررہے ہیں اور اسلام کو بدنام کرنے کی ناپاک کوشش کررہے ہیں۔ مولانا فاروق خاں رضوی نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’داعش‘‘ نامی تنظیم جو سادہ لوح عوام پر بمباری اور جو مقدس مقامات پر حملہ کررہی ہے۔ یہ یہود و نصاری کے سازشوں کا حصہ ہے۔ نئی نسل کو ان نام نہاد مسلم تنظیموں سے دور رکھتے ہوئے اپنے ایمان کو بچائیں۔ دراصل دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے خلاف کام کررہی ہیں۔ صوفیائے کرام کی تعلیمات کے ذریعہ برادران وطن کو اسلام کے قریب لاسکتے ہیں اور محبت بھائی چارہ کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا ابوالکلام رضوی ناگپوری، مولانا ریاض رضوی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا سید افسر پاشاہ قادری، مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی صدر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ، مولانا محمد یوسف صوفی قادری، مولانا سید سیف اللہ قادری، مولانا سید محب الدین قادری، مولانا عبدالحکیم، ابراہیم رضوی، محمد محمود صوفیائی، محمد مستان صوفی قادری، سید شکیل نظامی، غلام سلطان احمد، حاجی محمد کریم سیٹھ، محمد سلیم حسین قادری کے علاوہ دیگر علماء و مشائخین و سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT