عصری تعلیم کے ساتھ مذہبی تعلیم کو جوڑ نا وقت کی اہم ضرورت

   


مسلم نوجوان ڈاکٹر یا انجینئر پر اکتفاء نہ کریں ‘ سیول سرویس پر توجہ دیں
انڈو برٹش اسکالرشپ جلسہ ، عامر علی خان و فصیح الدین علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : عصری تعلیم کے ساتھ مذہبی تعلیم کو جوڑنا وقت کی ضرورت ہے ۔ نئی نسل کے طلبہ دنیاوی تعلیم حاصل کررہے ہیں لیکن ان میں دینی علم کا فقدان ہے جب کہ سائنسی ایجادات کی تاریخ دیکھیں تو آپ کو اسلام میں اور قرآن میں کئی معلومات مل جاتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے عابد علی خاں سنیٹنری ہال احاطہ سیاست پر انڈو برٹش اسکالر شپ کے جلسہ تقسیم سے مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ آج اسٹارٹ اپ کا دور ہے اور اس سے مسلم غریب خاندان اور معاشی پسماندہ افراد کیلئے بھی مواقع ہیں ۔ انہوں نے ہونہار طلباء کو جنہوں نے اسکالر شپ حاصل کی مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کیرئیر انجینئر یا ڈاکٹر تک محدود نہ رکھیں بلکہ سیول سرویس کو اپنا کیرئیر بنائیں ۔ آج دنیا کے 54 اسلامک ممالک میں سفارت خانوں میں مسلمان عہدیدار کیلئے جب حکومت تلاش کرتی ہے تو مسلم سیول سرونٹ بالخصوص آئی ایف ایس آفیسرس نظر نہیں اتے ۔ آئی اے ایس آفیسر کے جو اختیارات ہوتے ہیں وہ ایک دستخط سے 500 انجینئرس یا 500 ڈاکٹرس کا تبادلہ کرسکتا ہے ۔ سیول سرویس کیلئے نوجوانوں کو کیرئیر بنانے کی ضرورت ہے ۔ مسلم طلبہ میں کافی صلاحیتیں ہیں ان کو ابھارنے اور صحیح مواقع بتانے رہنمائی کی ضرورت ہے ۔ انڈو برٹش اسکالر شپ کیلئے ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں کی خدمات اور ملی جذبہ کی ستائش کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں صدر و بانی انڈو برٹش ایجوکیشن فاونڈیشن یو کے لندن نے جیال تھامس الوا ایڈیشن کے تاریخی خط کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعہ تاریخ کا حصہ بننے کی بات کہی وہیں حیدرآباد سے اپنی وابستگی کے حوالہ سے کہا کہ حیدرآباد ایک تعلیمی مرکز ہے اور اس مادر وطن کے لیے وہ ہر سال طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے اسکالر شپ دیتے ہیں ۔ جس کیلئے ادارہ سیاست اس کے مدیر اعلیٰ جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سے اظہار تشکر کیا کہ ان کے باہمی تعاون سے یہ اسکیم اور پروگرام جاری ہے ۔ اس سال انٹرمیڈیٹ کے 989 تا 96 فیصد 12طلباء طالبات اور ایس ایس سی میں 10 جی پی اے تا 9.7 تک 12 طلبہ کو اسکالر شپ دی گئی اور سرٹیفیکٹ عطا کئے گئے ۔ شہر و اضلاع سے بھی طلباء سرپرستوں نے شرکت کی ۔ جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر سیاست نے پروگرام کے انعقاد میں معاونت کی ۔ آغاز قرات کلام پاک سے ہوا ۔ ممتاز شاعر فرید سحر نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔۔