Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کو پروفیسر جئے شنکر سے تقویت

علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کو پروفیسر جئے شنکر سے تقویت

یوم برسی پر آنجہانی قائد کو زبردست خراج ، چیف منسٹر کے سی آر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21۔ جون (سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کی برسی کے موقع پر آج ٹی آر ایس کی جانب سے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پروفیسر جئے شنکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کی جدوجہد میں پروفیسر جئے شنکر نے تحریک کو تقویت بخشی اور وہ ہمیشہ کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں پر پروفیسر جئے شنکر نے تفصیلی تحقیق کی اور اسے عوام کے روبرو پیش کیا۔ انہوں نے ہمیشہ تلنگانہ سے کی گئی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائی ۔ وہ زندگی بھر تلنگانہ کے خلاف ناانصافیوں کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے ناانصافیوں کے سلسلے میں تلنگانہ عوام کا شعور بیدار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر کی تحریک اور ان کے جذبہ کے نتیجہ میں نہ صرف تلنگانہ تحریک کامیاب ہوئی بلکہ علحدہ ریاست کا حصول ممکن ہوسکا۔ ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ سکریٹری جنرل ٹی آر ایس کے کیشو راؤ اور رکن پارلیمنٹ بی سمن کے علاوہ کی ٹی آر ایس قائدین نے پروفیسر جئے شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کیشو راؤ نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر نے تلنگانہ تحریک کو ہمیشہ ایک نیا حوصلہ بخشا لیکن علحدہ ریاست کے قیام کے وقت وہ اس دنیا میں موجود نہیں رہے۔ کیشو راؤ نے کہاکہ پروفیسر جئے شنکر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہمیشہ آندھرائی حکمرانوں کی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائی ۔ رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر نے پسماندہ اور کمزور طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ تلنگانہ تحر یک کا ہر کارکن پروفیسر جئے شنکر کو اپنے لئے مشعل راہ تصور کرتا رہا۔ وقارآباد ضلع میں پروفیسر جئے شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جوائنٹ کلکٹر سریش پودار اور آر ڈی او وشوانادھن کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین نے پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول چڑھائے ۔ میدک ضلع میں مختلف مقامات پر ٹی آر ایس کی جانب سے پروفیسر جئے شنکر کی برسی منائی گئی ۔ سرکاری عہدیداروں اور سیاسی قائدین نے پروفیسر جئے شنکر کو خراج پیش کیا گیا۔ ناگرجنا ساگر ضلع میں ضلع کلکٹر سریدھر اور دیگر عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ ورنگل میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور ریاستی وزیر ہریش راؤ نے پروفیسر جئے شنکر کو خراج پیش کیا۔ سری ہری نے کہا کہ دیہی معاشی نظام کے استحکام میں پروفیسر جئے شنکر نے اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پروفیسر جئے شنکر کے خوابوں کی تکمیل کیلئے کام کر رہی ہے اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ہی حکومت کا اہم مقصد ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کی کامیابی میں پروفیسر جئے شنکر کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

TOPPOPULARRECENT