Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / علیم ڈار سمیت پاکستان کپ میں کئی اہم نام نظر انداز

علیم ڈار سمیت پاکستان کپ میں کئی اہم نام نظر انداز

لاہور۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کپ کیلئے بورڈ کی طرف سے 150 کھلاڑیوں کے نام دیئے گئے اور پانچوں ٹیموں میں فیڈرل کیپیٹل، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کوچز اور کپتانوں کو پہلی مرتبہ ڈرافٹنگ کے ذریعہ ٹیمیں منتخب کرنے کا موقع دیا گیا، لیکن کئی ایک کو یہاں بھی معافی نہ ملی۔ بولر عمران خان جنوری میں ہوئے ونڈے کپ میں گیارہ شکار کر کے بھی خود ہی شکار بنے رہے۔ ونڈے ٹورنمنٹ میں شاندار نصف سنچری کے باوجود اوپنر شاہ زیب حسن پاکستان کپ میں منتخب نہ ہو سکے۔ ونڈے اور ٹسٹ بولر محمد طلحہ ونڈے ٹورنمنٹ کے ایک میچ میں 43 رنز کے عوض 3 وکٹوں کی کارکردگی دکھا کر بھی کسی کی نظر میں نہ آئے۔  فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کو پانچ میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود بھی شرکت کا اعزاز نہ مل سکا۔ ٹسٹ اور ونڈے کے وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل وکٹوں کے پیچھے 9 کھلاڑیوں کی اننگز کا خاتمہ کر کے بھی سلیکٹرز کو اسٹمپ نہ کر سکے۔ گزشتہ دو سال سے مسلسل کارکردگی دکھانے والے عثمان صلاح الدین اس مرتبہ شاندار 469، اکبر الرحمٰن 374، گزشتہ دو سال کے بہترین کھلاڑی صدف حسین سب سے زیادہ 20 کھلاڑیوں کوآؤٹ کر کے بھی آؤٹ ہی ہوئے۔ نیشنل ونڈے کپ کے بہترین کھلاڑی ضیاء الحق، حسن علی، شہزاد اعظم اور محمد بلاول کو بھی فہرست  میں جگہ  نہ ملی ۔ پی سی بی نے 19 اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کپ کے لے آئی سی سی کے سرفہرست امپائرعلیم ڈار اور احمد شہاب کو ٹورنمنٹ کے لئے نامزد امپائرکے پینل میں شامل نہیں کیا ہے جو سب سے حیران کن فیصلہ ہے۔ پاکستان کپ کا آغاز 19 اپریل کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا جس میں اسلام آباد، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کی ٹیمیں حصہ لیں گی لیکن علیم ڈار پاکستان کی جانب سے 100ٹسٹ میچوں میں فرائض انجام دینے والے واحد امپائر ہیں لیکن پی سی بی ملک کے اہم ٹورنمنٹ میں ان کی خدمات حاصل نہیں کرنا چاہتی۔

TOPPOPULARRECENT