Wednesday , August 23 2017
Home / ہندوستان / علیگڑھ یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کا مسئلہ عدالت پر مکمل اعتماد کریں۔ وائس چانسلر کا مشورہ

علیگڑھ یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کا مسئلہ عدالت پر مکمل اعتماد کریں۔ وائس چانسلر کا مشورہ

علیگڑھ، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی اقلیتی حیثیت سے متعلق مرکز کے موقف پر احتجاج کے پیش نظر وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیرالدین شاہ نے آج مسلم برادری سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلہ پر حد سے زیادہ جوش کا مظاہرہ نہ کریں اور عدلیہ پر مکمل اعتماد کریں۔ انھوں نے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی ادارہ کے اقلیتی کردار کی بحالی پر تمام صحیح الفکر شہریوں کی تشویش حق بجانب ہے اور ہمیں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے عدلیہ کے نظام پر کامل اعتماد رکھنا چاہئے۔ وائس چانسلر کی یہ اپیل ایسے وقت آئی ہے جب یونیورسٹی کیمپس اور قدیم شہر میں کل اقلیتوں کے مختلف گروپس نے احتجاج کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ اے ایم یو کے اقلیتی کردار کی بحالی کا مسئلہ فی الحال سپریم کورٹ میں معرض التواء ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے حال ہی میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس مسئلہ پر عدالت العالیہ میں یونیورسٹی کی حمایت میں یو پی اے حکومت کے موقف کو اُلٹ دیا جائے جس پر اقلیتوں میں اضطراب پیدا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے کہا تھا کہ این ڈی اے حکومت اس نقطہ نظر (آئیڈیا) کی تائید نہیں کرتی کہ حکومت کے زیرتعاون اقلیتی ادارہ کو سیکولر حیثیت نہیں دی جاسکتی۔ اے ایم یو وائس چانسلر نے بتایا کہ اگر عوام اس مسئلہ پر غیر دستوری طریقہ سے احتجاج کریں گے تو جوابی ردعمل ظاہر ہوسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ عنقریب وزیراعظم سے ملاقات کرکے صورتحال سے واقف کروائیں گے اور توقع ہے کہ اس خصوص میں مثبت ردعمل حاصل ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT