Monday , October 23 2017
Home / Top Stories / علی خامنہ ای کو مودی کاکوفی رسم الخط والے قرآن کے نسخہ کا تحفہ

علی خامنہ ای کو مودی کاکوفی رسم الخط والے قرآن کے نسخہ کا تحفہ

تہران 23 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایران کے روحانی رہنما سید علی خامنہ ای کو 7 ویں صدی کی نادر تحریر والی قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا جو کوفی رسم الخط میں تحریر ہے اور یہ تحریر حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ ؓ سے منسوب ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے علی خامنہ ای سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قرآن مجید کے ساتویں صدی عیسوی کے اس نادر نسخہ کا تحفہ پیش کیا علی خامنہ ای ایران کے روحانی رہنما اور دو مرتبہ کے سابق صدر ہیں اور ایران کے خاجی پالیسی و دوسرے اہم امور میں ان کا فیصلہ قطعی ہوتا ہے ۔ کوفی رسم الخط والا قرآن مجید کا یہ نسخہ وزارت کلچر کی رامپور رضا لائبریری ( اتر پردیش ) میں محفوظ تھا ۔ کہا جاتا ہے کہ کوفی رسم الخط عراق میں کوفہ کے مقام سے شروع ہوا تھا اور یہ عربی نسخوں کی تحریر کے مختلف اقسام میں فن خطاطی کا قدیم ترین انداز ہے ۔ نریندر مودی اٹل بہاری واجپائی کے بعد گذشتہ پندرہ سال میں ایران کا باہمی دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے صدر ایران حسن روحانی کو بھی مرزا غالب کی شاعری کے فارسی ترجمے پیش کئے ۔ کلیات فارسی غالب کی اولین اشاعت 1863 میں ہوئی تھی جو ان کے 11,000 اشعار پر مشتمل ہے ۔ مودی نے حسن روحانی کو رامائن کے سمیر چند کے فارسی ترجمہ کی نقل بھی پیش کی ۔

خدا حافظ ایران
وزارت خارجہ ترجمان کا ٹوئیٹ
تہران 23 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ’’خدا حافظ ۔ ایران ‘‘ سفارتکاری کا مصروف دن ختم ہوا اور وزیر اعظم مودی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ یہ ٹوئیٹ تھا وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ کا جو مودی کے دورہ ایران کے اختتام پر کیا گیا ۔ ان کا یہ دو روزہ دورہ آج ختم ہوا ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں نے 12 معاہدات پر دستخط کئے ۔ مودی نے اس موقع پر صدر حسن روحانی کے علاوہ روحانی رہنما علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی ۔

TOPPOPULARRECENT