Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عمارات حج ہاوز سے غیر سرکاری دفاتر کو تخلیہ کی ہدایت

عمارات حج ہاوز سے غیر سرکاری دفاتر کو تخلیہ کی ہدایت

حج 2015 کیمپ میں دشواریوں کے پیش نظر محکمہ اقلیتی بہبود کا اقدام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی(سیاست  نیوز) حج 2015 ء کیلئے حج ہاؤز نامپلی میں کیمپ کے انعقاد میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود نے عمارت میں موجود غیر سرکاری دفاتر کے تخلیہ کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے وقف کے ملازمین کی جانب سے رہائش کے طور پر استعمال کئے جارہے کمروںکا فی الفور تخلیہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ حج ہاؤز کے مختلف فلورس پر بعض غیر سرکاری تنظیموں کو دفاتر کے قیام کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بعض حصوں پر وقف بورڈ کے وہ ملازمین کا کنٹرول ہے جو اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں لیکن حیدرآباد میں برسر خدمت ہیں۔ جاریہ سال عازمین کی روانگی کے سلسلہ میں روزانہ 3 فلائیٹس کا شیڈول تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق حج کمیٹی کو بیک وقت 2500 عازمین کیلئے انتظامات کرنے پڑیں گے۔ عازمین کیلئے 48 گھنٹے قبل رپورٹنگ کرنا ضروری ہے لہذا ایک فلائیٹ کی روانگی سے قبل ہی دوسرے دن کی تین فلائیٹس کے عازمین حج ہاؤز پہنچ جائیں گے۔ حج ہاؤز کی عمارت اور اس کے باہری حصہ میں انتظامات کی صورت میں 1500 عازمین کے قیام کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ حج کمیٹی کو مزید 1000 عازمین کیلئے انتظامات کرنے ہوں گے۔ حج ہاؤز کے قریب واقع فنکشن ہال میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان ایام میں فنکشن ہال خالی نہیں ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس مسئلہ پر اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت کی۔ حج ہاؤز میں موجود خانگی دفاتر اور ملازمین کی جانب سے استعمال کئے جارہے کمروں کی نشاندہی کی گئی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر خانگی دفاتر کا تخلیہ کریں تاکہ زائد عازمین کے قیام کے انتظامات کئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے 24 مارچ کو حج ہاؤز کے دورہ کے موقع پر اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کو تحریری ہدایت دی تھی کہ خانگی دفاتر کے تخلیہ کی کارروائی کی جائے اور خانگی اداروں سے کئے گئے کرایہ نامے فوری منسوخ کئے جائیں۔ تاہم آج تک اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے خانگی اداروں کے تخلیہ کے علاوہ زیر تعمیر کامپلکس کے استعمال کیلئے تیاریوں کی ہدایت دی۔ زیر تعمیر کامپلکس کے تین فلورس کو عازمین کے قیام کیلئے استعمال کیا جائے گا ، اس میں خواتین اور مرد حضرات کیلئے علحدہ  انتظام رہے گا۔ انہوں نے حج ہاؤز کے سیلر میں صفائی کے انتظامات اور عمارت کی آہک پاشی کی ہدایت دی ہے ۔

ایم اے اورینٹل لینگویجس میں داخلوں کا اعلان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی نے اردو ، تلگو اور عربی کے ایم اے ( اورینٹل لینگویجس ) برائے تعلیمی سال 2015-16 میں داخلوں کے لیے اہلیتی امتحان کا اعلان کیا ہے ۔ رجسٹرار یونیورسٹی ہذا کے بموجب درخواست فارم اور اہلیتی شرائط و ضوابط کے علاوہ ماڈل پیپرس ڈائرکٹر یونیورسٹی پریس عثمانیہ یونیورسٹی سے بہ ادائیگی 20 روپئے حاصل کرسکتے ہیں ۔ پرکردہ درخواست فارم معہ ڈیمانڈ ڈرافٹ 100/- جو کہ بحق رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی کے نام ہو کسی بھی بینک سے حاصل کردہ ہو داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 اگست 2015 مقرر کی گئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT