Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / عمارتوں کی جغرافیائی شناخت کا آغاز

عمارتوں کی جغرافیائی شناخت کا آغاز

ٹیکس وصولی میں سائنٹیفک طریقہ کار ، ادا نہ کرنے والوں کی بھی شناخت
حیدرآباد۔14جون (سیاست نیوز) ریاست گر سطح پر عمارتوں کی جغرافیائی شناخت کو یقینی بنانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کو سائنٹیفک بنایا جاسکے اور ٹیکس چوری کرنے والوں کی شناخت ممکن ہو سکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے سواء ریاست کی تمام بلدیات میں حکومت نے اس عمل کو شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے اور اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ اندرون 45یوم اس عمل کو مکمل کیا جائے تاکہ سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعہ ریاست میں جملہ عمارتوں کا پتہ چلایا جاسکے۔ریاست کے شہری بلدیات میں عمارتوں کی جغرافیائی شناخت کا عمل جاری ہے اور اس عمل کا بلدیات کو زبردست فائدہ بھی حاصل ہونے لگا ہے اور اب حکومت کی جانب سے مابقی بلدیات کو عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کرنے اور انہیں سیٹلائٹ تصاویر کے استعمال کیلئے بھوون ایپ سے لیس کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جیو ٹیگنگ کا بنیادی مقصد ریاست کے مکمل نقشہ کی تیاری اور عمارتوں کی سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعہ حقیقی تعداد کا اندازہ لگایا جاسکے اور ان سے ٹیکس وصولی کے اقدامات کئے جا سکیں۔ریاست تلنگانہ میں جائیداد ٹیکس چوری کو روکنے کے لئے کئے جانے والے ان اقدامات کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ ریاست میں کئی ایسی بلدیات ہیں جن میں ٹیکس کے تعین میں بھاری چوری کی جاتی ہے اور اس چوری کو سیٹلائٹ تصاویر کے استعمال کے ذریعہ روکا جا سکتا ہے ۔ ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست میں سیٹلائٹ تصاویر کے ساتھ جیو ٹیگنگ اور نقشہ جات کی تیاری کے بعد ٹیکس کے تعین میں کمی یا چوری کی گنجائش باقی نہیں رہے گی بلکہ عمارت کے اعتبار سے ٹیکس عائد کیا جائے گا اور کوئی یہ نہیں کہہ سکے گا کہ اسے عائد کیا گیا ٹیکس زیادہ ہے کیونکہ بلدیہ کے ایپلیکیشن پر اس عمارت کی سیٹلائٹ تصاویر موجود ہوں گی جن پر ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے لیکن اسے آن لائن کرنے اور تفصیلات کے اندراج کا عمل جاری ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست میں محبوب نگر اور ورنگل کے ساتھ کریم نگر بلدیات کے علاقوں کی بھی بلدی حدود کے اعتبار سے جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے اور اس عمل کی تکمیل کے بعد ریاست میں موجود تمام بلدیات کی آمدنی میں اضافہ کا امکان ہے ۔ بلدی ذرائع کے بموجب ریاست میں مکمل جیو ٹیگنگ کے فوری بعد ریاستی حکومت کی آمدنی میں بھی زبردست اضافہ ہو جائے گا اور ترقیاتی عمل میں تیزی پیدا ہونے کا امکان بھی پایا جاتا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT