Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / عمران خان کا بیان بچکانہ:ثناء اللہ

عمران خان کا بیان بچکانہ:ثناء اللہ

لاہور۔7مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کا فائنل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ‘پھٹیچر’ کہنے کو بچکانہ سوچ قرار دے دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء  نے سوال کیا ‘جب تک یہ کھلاڑی دبئی میں تھے تو ٹھیک تھے، پاکستان آکر پھٹیچر ہوگئے؟۔رانا ثناء  نے کہاکہ پی ایس ایل فائنل میں کھیلنے والے غیرملکی کھلاڑی اے پلس اور اے زمرے کے تھے۔ پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثناء نے مزید کہا کہ پوری عوام پر عمران خان کے ‘ضدی بچے’ جیسا چہرہ عیاں ہے، انھیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ملک ترقی کرے یا نہ کرے اور سی پیک بنے یا نہ بنے، انھیں بس اس بات کی فکر ہے کہ وہ اقتدار میں آجائیں۔رانا ثناء نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب حال ہی میں عمران خان نے  پی ایس ایل فائنل میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو ‘پھٹیچر’ کہہ ڈالا۔عمران خان نے کہا کہ دو تین کھلاڑیوں کو نہیں آنا تھا، باقی جو ‘پھٹیچر’ کھلاڑی ہیں، انہیں تو ویسے بھی آ جانا تھا، میں تو کسی کے نام بھی نہیں جانتا، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے یہ ایسے ہی کسی کو پکڑ لے کر آئے، کسی کو افریقہ سے لے آئے کسی کو کہیں اور سے، ہمیں نہیں پتہ یہ کون تھے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی فائنل میں شرکت کے لیے لاہور آمد کو سراہانے کے سوال کو بظاہر گول کرتے ہوئے عمران خان نے کہا جس طرح کے غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے، وہ تو یہاں ویسے بھی آجاتے، آپ انھیں پیسے دیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے  بھی آجائیں گے، جو بڑے نام ہیں، انہیں نہیں آنا تھا اور نہ وہ آئے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل 2017 کا فائنل مشکل ہوتا نظر آرہا تھا، تاہم پھر کئی اجلاسوں کے بعد بالآخر پنجاب حکومت نے فائنل کے انعقاد کا اعلان کیا، جس کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT