Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / عمرگل اور شرجیل خان کی ونڈے ٹیم میں واپسی

عمرگل اور شرجیل خان کی ونڈے ٹیم میں واپسی

کراچی۔10اگست (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان نے رواں ماہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ونڈے سیریز کے لئے  ٹیم کا اعلان کردیا جس میں عمرگل کی طویل عرصے بعد واپسی ہوئی ہے۔32 سالہ فاسٹ بولر عمرگل طویل عرصے بعد ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور سلیکٹرز نے انھیں بہترفیلڈنگ کی صلاحیت اور بہتر فٹنس کی وجہ سے محمدعرفان پر ترجیح دی ہے۔عمرگل نے 22 اپریل 2015 کو بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں آخری مرتبہ ونڈے کھیلا تھا ۔انگلینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں اپنی بہترین صلاحیتوں سے کرکٹ کے ماہرین کو متاثرکرنے والے نوجوان بیٹسمین سمیع اسلم کو بھی ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ونڈے ٹیم میں شرجیل خان کی دوسال بعد واپسی ہوئی ہے، ان کو پاکستان اے ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں 63 کی اوسط سے رنز بنانے پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔شرجیل خان نے اے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے سری لنکا اے اور انگلینڈ لائنز کے خلاف بالترتیب 90 اور 125 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔چف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے انتخاب کے لئے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سے مشورہ کیا گیا اور اس معاملے میں ان سب کی رضامندی شامل ہے۔انضمام الحق کے بموجب ٹیم کو انگلینڈ کے حالات اور کچھ کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک اور اے ٹیم کے دورے میں حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم آئرلینڈ کے خلاف دو ونڈے میچز 18 اگست اور 20 اگست کو کھیلے گی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT