Friday , August 18 2017
Home / عرب دنیا / عمرہ کے بعد واپسی میں تاخیر کرنے والوں کو جرمانہ و قید

عمرہ کے بعد واپسی میں تاخیر کرنے والوں کو جرمانہ و قید

ریاض ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے امیگریشن نے معتمرین کرام کیلئے ایک نیا ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ عمرہ ویزے پرمملکت میں آنے کے بعد وقت مقررہ پر واپس نہ ہونے والے غیرملکیوں کو 50 ہزار سعودی ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا دی جائیگی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پالیسی بیان میں کہا گیاہیکہ عمرہ ویزہ پرآنے والے غیرملکی مسلمانوں کو تاریخ مقررہ کے اندر اندر اپنے ملکوں کو واپس جانا ہوگا۔ بصورت دیگر انہیں چھ ماہ قید اور پچاس ہزار ریال جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ بیان میں مقامی سعودی شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کو خبردار کیا گیا ہیکہ وہ عمرہ ویزے پرآنے والے شہریوں کو چھپانے میں مدد دینے کی کوشش نہ کریں۔ اگرکسی شہری کو غیرقانونی طورپر معاونت کا مرتکب پایا گیا تو اسے 1 لاکھ ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔ اگر وہ غیرملکی ہے تو اس کا اقامہ منسوخ کرکے اسے ملک سے نکال دیا جائے گا۔ بیان میں حج وعمرہ ٹور آپریٹرز فرموں سے بھی کہا گیا ہیکہ وہ عازمین عمرہ کے حوالے سے وضع کردہ قواعد کی سختی سے پابندی کریں۔ اگرعمرہ ویزے پرآیا کوئی شخص غائب ہوجائے تو فوری طورپر اس کے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے۔ حکام کو اطلاع دینے میں تاخیر کے ذمہ دار ٹورآپریٹر کو بھی ایک لاکھ ریال جرمانہ کی سزا دی جائیگی اور ایسے اداروں کیلئے آئندہ پانچ سال کیلئے عمرہ سروسز کی فراہمی پرپابندی بھی عاید کی جاسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT