Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / عمر اکمل فٹنس معاملے کی تحقیقات کا حکم

عمر اکمل فٹنس معاملے کی تحقیقات کا حکم

کراچی۔24مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ اگر عمر اکمل فٹ تھے تو کیسے اتنی جلدی ان فٹ ہو گئے اور انہیں کس نے فٹ قرار دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں شریک ہوئے اور اجلاس کے دوران بھی عمر اکمل کی شخصیت زیربحث رہی۔اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ہماری واضح پالیسی ہے کہ کسی بھی ان فٹ کھلاڑی کو نہیں کھلائیں گے اور عمر اکمل کو پہلے آسٹریلیا سیریز میں بھی ان فٹ قرار دے کر نہیں کھلایا گیا تھا۔چیمپیئنز ٹرافی سے قبل فٹنس ٹسٹ میں عمر اکمل کامیاب رہے لیکن پھر انگلینڈ پہنچ کر ان فٹ ہو گئے۔جب ٹیم انگلینڈ پہنچی تو برمنگھم میں فٹنس ٹسٹ کرنے والی مینجمنٹ خصوصاً گرانٹ لیوڈن نے سب کھلاڑیوں کے ٹسٹ لئے لیکن عمر اکمل کے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں نے ٹسٹ کامیاب کر لیا جس پر ان کا دوبارہ ٹسٹ لیا گیا اور اس میں بھی وہ ناکام ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سے مجھے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا فون اور ای میل بھی آیا کہ عمر اکمل فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہو گئے ہیں لہٰذا اب آپ بتائیں کہ کیا کریں کیونکہ ہماری رائے تو یہی ہے کہ انہیں نہیں کھلانا چاہئے جس کے بعد ہم نے معاملے پر غور کیا اور انہیں انگلینڈ سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔ ہم اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں کہ کیا یہ کھلاڑی تین سے چار ہفتوں میں ہی دوبارہ ان فٹ ہو گیا ہے یا شروع سے ہی ان فٹ تھا۔

TOPPOPULARRECENT