Monday , October 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / عمر اکمل کا ایک رن 80 ٹکا کے برابر‘ناکامیوں کاسلسلہ ہنوز جاری

عمر اکمل کا ایک رن 80 ٹکا کے برابر‘ناکامیوں کاسلسلہ ہنوز جاری

ڈھاکہ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی بیٹسمین  عمر اکمل کی بدقسمتی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈانس پارٹی اسکینڈل،  ٹوئنٹی20  سیریز میں ناکامی کے بعد ان کا بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) میں آغاز بھی بدترین ثابت ہوا۔ بی پی ایل میں چٹاگانگ وائکنز کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل کی ٹیم نے ان سے وی آئی پی جیسا برتاؤکیا لیکن انہیں کھلاڑی کا ایک رن 80 ہزار ٹکا سے زائد مہنگا پڑا۔ تفصیلات کے بموجب  پاکستان کا آخری  ٹوئنٹی20  میچ ہوا جبکہ چٹاگانگ کا اگلا دوسرے دن  رنگ پور رائیڈرز کے خلاف تھا اور ان کی ٹیم نے عمر اکمل کی میچ کیلئے دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ان کی آمد کے انتظامات کئے۔ انگلینڈ سے آخری  ٹوئنٹی20  میچ کھیلنے کے بعد عمر اکمل پہلی فلائٹ سے ڈھاکہ  پہنچے اور وہاں سے انہیں ایک خصوصی چارٹرڈ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ چٹاگانگ پہنچایا گیا تاکہ وہ بی پی ایل میں اپنا کریر شروع کرسکیں ۔ اس تمام کوشش میں چٹاگانگ کے 80 ہزار ٹکا سے زائد  خرچ ہوئے لیکن عمر اکمل نے اپنی ٹیم کو اس وقت شدید مایوس کیا جب وہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ رنگ پور کے خلاف میچ جیتنے کی خاطر عمر اکمل کو ہنگامی بنیادوں پر ٹیم میں شامل کرنے کا منصوبہ ناکامی سے دوچار ہوا اور اس طرح انہیں عمر اکمل کا ایک رن 80 ہزار ٹکا کا پڑا۔ عمر اکمل 24 گھنٹوں میں تین مرتبہ آؤٹ ہوئے کیونکہ وہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے  ٹوئنٹی 20  میچ کی اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد سوپراوور میں بھی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔ چٹاگانگ کی ہی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل کے بڑے بھائی کامران اکمل نے بھی اپنی ٹیم کو مایوس کیا اور وہ بھی صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

TOPPOPULARRECENT