Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / عمر اکمل کی بدترین فٹنس، ٹی ٹوئنٹی کیپٹن سرفراز و دیگر بھی فٹ نہیں

عمر اکمل کی بدترین فٹنس، ٹی ٹوئنٹی کیپٹن سرفراز و دیگر بھی فٹ نہیں

لاہور ، 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بعض سرکردہ پاکستانی کرکٹرز بشمول نیشنل T20 کیپٹن سرفراز احمد اور عمر اکمل مطلوبہ فٹنس معیارات کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ، جو ٹرینر گرانٹ لوڈن نے مقرر کررکھے ہیں۔دیگر کھلاڑی جو مختلف فٹنس ٹسٹ میں درکار پوائنٹس کے حصول میں ناکام ہوئے، ان میں صہیب مقصود، اسپنرز سعید اجمل اور ذوالفقار بابر اور بعض دیگر شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدہ دار نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے فٹنس ٹرینر گرانٹ لوڈن اور اُن کی ٹیم نے فٹنس ٹسٹ کیلئے پوائنٹس سسٹم وضع کیا ہے جس میں 17 نشانات کو کھلاڑیوں کی فٹنس کی توثیق کیلئے کسوٹی رکھا گیا ہے۔ پی سی بی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے گئے فٹنس کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی ابتدائی فٹنس رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں عمر اکمل کی فٹنس کو بدترین قرار دیا گیا ہے۔ بورڈ نے ایبٹ آباد میں فوج کی زیر نگرانی بوٹ کیمپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلئے این سی اے میں فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا آغاز 8 مئی کو ہوا۔ انجری کا شکار محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے کیمپ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی جبکہ سنٹرل کنٹراکٹ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کیلئے فٹنس کیمپ میں شرکت لازمی قرار دی گئی۔ 12 مئی تک چلنے والے کیمپ میں سنٹرل کنٹراکٹ یافتہ تمام کھلاڑی شریک ہیں جس کی ابتدائی دنوں کی رپورٹ پی سی بی کو موصول ہوگئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق رپورٹ میں نوجوان بیٹسمن عمر اکمل کی فٹنس کو بدترین قرار دیا گیا ہے جس سے مستقبل میں نیشنل ٹیم میں اُن کا انتخاب مزید مشکوک ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ انضمام الحق کی زیر سربراہی پاکستان کرکٹ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے دورۂ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا اور خراب ڈسپلن کی بنیاد پر اس فہرست میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کا نام شامل نہیں کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان سرفراز احمد کی فٹنس پر بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنی سابقہ فٹنس کا معیار برقرار نہ رکھ سکے اور ان کی فٹنس گر گئی ہے۔ فٹنس کیمپ میں شریک کھلاڑیوں میں شان مسعود کی فٹنس کو بہترین قرار دیا گیا جبکہ فواد عالم اور محمد رضوان بھی اسی فہرست کا حصہ ہیں۔ یونس خان، وہاب ریاض اور خصوصاً فاسٹ بولر عمران خان اپنی فٹنس میں نمایاں بہتری لے کر آئے ہیں اور ان کی فٹنس کا معیار پہلے سے بہتر ہے۔ عمرے کی ادائیگی میں مصروف ٹسٹ کیپٹن مصباح الحق نے آج اپنا فٹنس ٹسٹ دیا جس کے نتائج کل تک آ جائیں گے۔ 12 مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے اختتام کے بعد 13 مئی سے فوج کی زیرنگرانی ایبٹ آباد میں طویل بوٹ کیمپ کا آغاز ہو گا۔ پی سی بی یہ فٹنس رپورٹ نئے کوچ مکی آرتھر کو جمع کرائے گا اور جو کھلاڑی اپنی فٹنس کا معیار بہتر نہیں بنائیں گے ان پر بوٹ کیمپ کے بعد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT