Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عنقریب 10 ہزار پولیس ملازمین کے تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

عنقریب 10 ہزار پولیس ملازمین کے تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

880 سب انسپکٹرس کی جائیدادیں بھی شامل ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 19۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ 10,000 ملازمین پولیس کے تقررات کے سلسلہ میں بہت جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر آبپاشی نے بتایا کہ 9200 کانسٹبلس اور 800 سب انسپکٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین پولیس کے تقررات کے سلسلہ میں خواتین کو تحفظات حاصل رہیں گے ۔ ملک میں کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس میں پولیس ریکروٹمنٹ میں خواتین کو تحفظات فراہم کئے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تقررات سے قبل بیروزگار نوجوانوں کو ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا تاکہ وہ تقررات میں کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر بڑے پیمانہ پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مختلف محکمہ جات میں تقررات کا عمل شروع کیا گیا اور انجنیئرس کے عہدوں کیلئے امتحانات منعقد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ برقی اور پولیس نے تقررات کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ ٹی آر ایس حکومت تمام محکمہ جات میں ملازمین کی کمی کو دور کرے گی ۔ انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ ضلع میدک کے نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ ہریش راؤ کو کے سی آر نے نارائن کھیڑ کا انچارج مقرر کیا ہے اور وہ اس حلقہ میں مختلف پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی پروگرام کا افتتاح کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میدک ضلع میں نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ انتہائی پسماندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں دو مارکٹ یارڈ تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ 100 بستروں کا ہاسپٹل اور 150 بستروں کا چلڈرنس ہاسپٹل قائم کیا جائے گا ۔ 870 کروڑ روپئے کے قرض سے ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی۔

TOPPOPULARRECENT