Saturday , August 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عوامی مسائل کی جلد یکسوئی کا تیقن

عوامی مسائل کی جلد یکسوئی کا تیقن

کیرا میری میں ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا دورہ اور خطاب
کیرا میری /13 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر محکمہ آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کیرا میری منڈل کے مسائل کی جلد از جلد یکسوئی کا تیقن دیا، جو اس وقت ضلع عادل آباد کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ انھوں نے کیرا میری کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ ریاست تلنگانہ کے دوسرے دو وزراء جوگو رامنا، اندرا کرن ریڈی کے علاوہ رکن پارلیمان گوڑم نگیش، ضلع پریشد چیرمین شوبھا رانی، رکن اسمبلی آصف آباد کووا لکشمی اور صدر ٹی آر ایس ضلع عادل آباد پرانم ستیش بھی تھے۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کیسلا گوڑہ میں واقع نامکمل پراجکٹ، جو کہ 2003ء میں شروع کیا گیا تھا، لیکن وہ اب تک بھی منڈل کے کاشت کاروں کے لئے غیر مفید ہے، کا معائنہ کیا اور ضلع کے محکمہ آبپاشی و متعلقہ عہدہ داروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ بعد ازاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتیں ریاست بھر میں ایسے کئی نامکمل پراجکٹس شروع کرکے کروڑہا روپئے غبن کرچکی ہیں اور کیرا میری کا یہ پراجکٹ بھی حکومتوں کی کارستانی کی وجہ سے نامکمل ہے۔ انھوں نے اس پراجکٹ کے لئے مطلوبہ سات کروڑ 15 لاکھ روپئے کی منظوری دیتے ہوئے ضلع کے عہدہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ پراجکٹ کے کنال کا کام جلد از جلد مکمل کرکے منڈل کے 4765 ایکڑ اراضی کو پانی پہنچائیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی آصف آباد کووا لکشمی نے اس منڈل کے موضع آگرواڑہ اور بزرگ کیری میں دو تالابوں کی ضرورت سے واقف کروایا، جس پر ریاستی وزیر نے کہا کہ پہلے کیسلا گوڑہ میں نامکمل پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے، اس کے بعد دونوں تالابوں کے لئے درکار 53 کروڑ روپئے کی منظوری دی جائے گی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ گوڑم نگیش نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جا رہے ہیں، جن میں شادی مبارک اسکیم، کلیان لکشمی اسکیم اور وظائف معذورین کو 500 سے بڑھاکر 1500 اور ضعیفوں کو 200 روپئے سے بڑھاکر ایک ہزار روپئے کرنا قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر منڈل کے ٹی آر ایس قائدین اتم نائک، ماچرلا گنیش، یونس، افتخار احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT