Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دینے کا عزم ، ڈپٹی مئیر

عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دینے کا عزم ، ڈپٹی مئیر

عہدہ کے لیے انتخاب پر چیف منسٹر کے سی آر اور کے ٹی آر سے اظہار تشکر : بابا فصیح الدین
حیدرآباد۔/11فبروری، ( سیاست نیوز) نئی ریاست تلنگانہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پہلے ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے عہد کیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں گے اور شہر کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری پر خصوصی توجہ دیں گے۔ ڈپٹی میئر کی حیثیت سے انتخاب کے بعد ’سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بابا فصیح الدین نے کہا کہ وہ 2001ء میں ٹی آر ایس کے قیام کے بعد سے تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہیں اور گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس یوتھ وِنگ کے صدر کی حیثیت سے عوامی مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے پارٹی قائدین کے ساتھ انہوں نے جدوجہد کی تھی۔ بابا فصیح الدین جو بورا بنڈہ بلدی ڈیویژن سے بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے علاقہ میں بلالحاظ مذہب و ملت مقبولیت رکھتے ہیں اور ڈپٹی میئر کے عہدہ پر ان کے انتخاب کے ساتھ ہی بلدی ڈیویژن کے کئی علاقوں میں عوام نے جشن منایا۔ بابا فصیح الدین نے اس عظیم عہدہ کیلئے اُن کے انتخاب پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے پہلے ڈپٹی میئر کے عہدہ پر انتخاب کو وہ اپنے لئے باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے انہیں اس عہدہ پر فائز کرتے ہوئے اقلیت دوستی کا پھر ایک بار ثبوت دیا ہے۔ حکومت میں انہوں نے وعدہ کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ مسلمان کو دیا اور اب ڈپٹی میئر کے عہدہ پر ایک مسلمان کو فائز کرتے ہوئے کے سی آر نے یہ ثابت کردیا کہ وہ مسلمانوں کے حقیقی ہمدرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بلدی حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کے ساتھ ساتھ شہر کے دیگر بلدی ڈیویژنس میں بنیادی مسائل کی یکسوئی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدی ڈیویژن بورا بنڈہ جو مختلف مسائل کا شکار ہے اسے ایک مثالی حلقہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ آبرسانی، سیوریج جیسے بنیادی مسائل کی یکسوئی کے علاوہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی مسائل کی سماعت کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے اور کسی بھی علاقہ سے تعلق رکھنے والے عوام ان سے بلا جھجھک رجوع ہوسکتے ہیں۔ بابا فصیح الدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور کے ٹی راما راؤ کی سرپرستی میں وہ شہر کی ترقی سے متعلق حکومت کے وعدوں کی تکمیل کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت کے وعدہ کے مطابق کوئی غریب خاندان اس اسکیم سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانا چیف منسٹر کی عین خواہش ہے تاکہ حیدرآباد کا شمار عالمی ترقیافتہ شہروں میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنا حکومت کا عہد ہے اور وہ اس کی تکمیل کیلئے ڈپٹی میئر کی حیثیت سے ہر ممکن مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر کی حیثیت سے وہ دیگر جماعتوں کا تعاون حاصل کرتے ہوئے کونسل کو بہتر طور پر چلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے رائے دہندوں نے ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا ہے کیونکہ انہیں حکومت کی کارکردگی پر بھروسہ ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے نتائج ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر ریفرنڈم ہیں۔ حکومت پر بیجا تنقیدیں کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کا انتخابات میں صفایا ہوگیا۔ بابا فصیح الدین نے کہا کہ وہ گریٹر حیدرآباد میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کریں گے اور حکومت کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس بلدیہ کے ذریعہ اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں جو کچھ بھی ممکن ہو اسے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر کے عہدہ پر فائز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے انہیں بھاری ذمہ داری دی ہے اور وہ حتی المقدور اسے بہتر طور پر پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT