Tuesday , August 22 2017
Home / جرائم و حادثات / عوامی مسائل کے حل پر سائینس کی توجہ ضروری : ہرش وردھن

عوامی مسائل کے حل پر سائینس کی توجہ ضروری : ہرش وردھن

حیدرآباد 10 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر سائینس و ٹکنالوجی ہرش وردھن نے آج سائینٹفک برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے کاموں میں عوام کے مسائل اور بنیادی ضرورتوں کیلئے بہتر حل دریافت کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔ مرکزی وزیر شہر میں سی سی ایم بی میں میڈیکل بائیو ٹکنالوجی کامپلکس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ریسرچس ‘ عصری آلات اور تمام دستاویزات وغیرہ اس وقت تک کارکرد نہیں ہوسکتے جب تک ہم ریسرچ کے کام کو انسانیت کی بہتری سے مربوط نہ کردیں۔ وزیر مصوف نے کہا کہ آزادی کے 68 برس کے بعد بھی ہندوستانیوں کی اکثریت ہنوز بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ سائینٹفک برادری کو ایک مستحکم پیام دیتے ہوئے ہرش وردھن نے کہا کہ سائینس میں ہر چیز کا جواب اور حل موجود ہے اور سائینس کے ذریعہ ہی وزیر اعظم کے معلنہ اہم ترین پروگراموں کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو پروگرامس شروع کئے گئے ہیں ان کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ ان سب پروگراموس میں عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مواقع ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کئے جانے چاہئیں کہ ہم اپنا محاسبہ کریں اور متعلقہ شعبہ جات میں ایسے اقدامات کا آغاز کرسکیں جن کے ذریعہ اس صلاحیت کا پتہ چل سکے جس کے ذریعہ ہم مسائل کو حل کرپائیں۔

TOPPOPULARRECENT