Tuesday , March 28 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام سڑکوں پر آجائیں تو کنٹرول مشکل ہوگا: ا یٹالہ راجندر

عوام سڑکوں پر آجائیں تو کنٹرول مشکل ہوگا: ا یٹالہ راجندر

حیدرآباد۔/16نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ بڑے نوٹوں کی منسوخی سے عوام اپنے کاموں کو ملتوی کرچکے ہیں۔ 2 ہزار کی نوٹ بازار میں دستیاب ہے چلر نہ ہونے کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ ریاستی وزیر فینانس نے آج کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے500اور 1000 کے نوٹوں کی منسوخی کے بعد ریاست بالخصوص دیہی علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف عوام سڑکوں پر آتے ہیں تو حالات کو کنٹرول کرنا دشوار ہوجائے گا۔ کالا دھن کو کنٹرول کرنے کی غرض سے کیا گیا اقدام غریب عوام کیلئے مصیبت کا باعث بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن میں لین دین کرنے والوں کی تعداد مختصر ہے، مزدور پریشان ہیں ، گاؤں میں صورتحال انتہائی نازک ہے۔ اگر عوام مرکز کے فیصلے کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے بطور احتجاج سڑکوں پر اُتر آتے ہیں تو حالات کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دیہی علاقوں میں دکانات پر غریب کو منسوخ شدہ نوٹوں سے اشیائے ضروریہ کی خریدی کو یقینی بنانے میں ہر ممکن تعاون کریں۔ انہوں نے طنزیہ ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں 2 ہزار کی نئی نوٹ دستیاب ہے لیکن20، 50 اور 100روپئے کے نوٹ دستیاب نہیں ہیں جس سے عوام پریشان ہیں ، عوام نے اپنے سارے کام ملتوی کرلئے ہیں۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ عوامی مسائل کو دور کرنا ریزروبینک آف انڈیا کی ذمہ داری ہے۔ جلد از جلد طلب کے مطابق نوٹ دیہی علاقوں تک پہنچانے اور ہر فرد کو 10 ہزار روپئے کاروباری افراد کو 50 ہزار تا ایک لاکھ روپئے تک بینکوں سے رقم نکالنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ تلنگانہ حکومت آر بی آئی اور بینکوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT