Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات: سی لکشما ریڈی

عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات: سی لکشما ریڈی

سرکاری دواخانے، خانگی ہاسپٹلوں سے اچھے رہیں گے، وزیر صحت و طبابت کا خطاب
حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت و طبابت ریاست تلنگانہ مسٹر سی لکشما ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ریاست تلنگانہ میں خانگی کارپوریٹ ہاسپٹلس کے مقابلہ میں تمام سرکاری ہاسپٹلس میں عصری سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر صحت و طبابت مسٹر لکشما ریڈی نے بی بی نگر کے مقام پر واقع نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) میں وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی کے ہمراہ آؤٹ پیشنٹ (او پی) سرویسس کا افتتاح کیا اور اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ نمس میں آؤٹ پیشنٹ سرویس شروع کرنے کے دیرینہ مطالبہ پر حکومت نے اولین ترجیح دیتے ہوئے آج آؤٹ پیشنٹ سرویس کا آغاز کیا۔ انھوں نے ریاستی حکومت کی جانب تلنگانہ میں واقع تمام سرکاری دواخانوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ حکومت غریب عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی پر اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت نے آئندہ سال 2016-17 ء کے سالانہ بجٹ میں محکمہ صحت و طبابت کیلئے زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت و طبابت نے کہاکہ خود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ تمام سرکاری دواخانوں کو عصری سہولتوں سے لیس کرکے اور طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جس کے پیش نظر خود چیف منسٹر ریاستی بجٹ میں محکمہ صحت و طبابت کے لئے زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں۔ وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی نے اس موقع پر کہاکہ مرحلہ وار اساس پر نمس میں تمام تر طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس طرح بی بی نگر نمس کو بہت جلد ایک مکمل دواخانہ بنایا جائے گا۔ یہاں تک اس دواخانہ میں ہنگامی نوعیت و ایمرجنسی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں بہت جلد نمس بی بی نگر کو ایمبولنس سرویس بھی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے سینئر قائدین اور ارکان اسمبلی و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT