Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام کیا چاہتے ہیں شاہین نگر اور بالاپور شدید طور پر پسماندگی کا شکار

عوام کیا چاہتے ہیں شاہین نگر اور بالاپور شدید طور پر پسماندگی کا شکار

خستہ حال سڑکیں، بنیادی سہولتوں کا فقدان، کچرے کا انبار، عوام سہولتیں چاہتے ہیں
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) بیرونی ممالک سے شہر حیدرآباد پہونچنے والے غیر مقیم ہندوستانیوں کے علاوہ بیرونی شہریوں کو شہر میں داخل ہونے کے لئے جو راستے دستیاب ہیں اُن میں ایک شمس آباد سے مہدی پٹنم کا راستہ ہے جبکہ دوسرا اہم راستہ شمس آباد ایرپورٹ سے چندرائن گٹہ براہ پہاڑی شریف تصور کیا جاتا ہے لیکن اس علاقہ سے گزرنے والوں کو شہر کی پسماندگی کا اندازہ شاہین نگر اور بالاپور کے علاقوں سے ہی ہونے لگتا ہے اور شہر میں داخل ہونے والے مسافرین پر شہر کی شبیہہ متاثرکن ہونے کے بجائے وہ شہر حیدرآباد کے تعلق سے بدگمان ہونے لگتے ہیں۔ قباء کالونی شاہین نگر سے موصولہ ایک مکتوب میں مقامی عوام کی شکایات منظر عام پر آئی جس میں مقامی عوام نے بتایا کہ بالاپور گرام پنچایت میں شامل اس علاقہ کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے سبب کئی حادثات رونما ہورہے ہیں۔ اسی طرح اس علاقہ کے عوام کے لئے صاف پینے کے پانی کی سہولت تک نہیں ہے اور نہ ہی یہاں کا سیوریج نظام بہتر ہے جس کی وجہ سے مقامی عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایرپورٹ سے چندرائن گٹہ آنے والی سڑک کے مختلف حصوں پر کچرے کی عدم نکاسی کے باعث بدبو اور تعفن پھیلا ہوا ہوتا ہے جوکہ نہ صرف شہریوں کے لئے وبال جان  بنا ہوا ہے بلکہ مسافرین جو اس سڑک سے گزرتے ہیں وہ بھی شہر کے تعلق سے بدگمان ہونے لگتے ہیں۔ بین الاقوامی مسافرین کو شہر میں داخل کرنے والی اس اہم سڑک پر نہ صرف متعلقہ بلدیہ بلکہ جی ایم آر کی جانب سے انتہائی خوبصورت اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں لیکن مہینے میں ایک مرتبہ بھی ان اسٹریٹ لائٹس کو کھولا نہیں جاتا جس کی وجہ سے یہ علاقہ رات کے اوقات میں اکثر تاریکی میں ڈوبا رہتا ہے جس کی وجہ سے رات دیر گئے پہونچنے والے مسافرین اس سڑک کے استعمال کو ترجیح نہیں دیتے بلکہ وہ شمس آباد سے ہوکر گزرنے میں عافیت محسوس کرتے ہیں۔ اگر عہدیدار اس مسئلہ پر توجہ دیتے ہوئے اس علاقہ کی سڑکوں کو بہتر بنائیں اور مقامی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس سڑک کو محفوظ بنانے کے اقدامات بالخصوص اسٹریٹ لائٹس کو روزانہ کھولا جانے لگے تو ایسی صورت میں رات کے اوقات میں بھی مسافرین اس سڑک کا استعمال کریں گے جوکہ اس سڑک کو مصروف ترین بنانے کے علاوہ علاقہ کی اہمیت میں اضافہ کا سبب بنے گی۔ مقامی عوام چاہتے ہیں کہ اس علاقہ کی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو نہ صرف بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں بلکہ علاقہ میں تجارتی مواقع پیدا کرنے کے لئے اس سڑک کو حادثات سے پاک مسافرین کے لئے آرام دہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔

TOPPOPULARRECENT