Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام کے حقوق سلب کرنے سے باز رہو ،ٹی آر ایس حکومت کو جی ہرگوپال کا انتباہ

عوام کے حقوق سلب کرنے سے باز رہو ،ٹی آر ایس حکومت کو جی ہرگوپال کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : انسانی حقوق کے نامور جہدکار جی ہرگوپال نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے سے باز رہے ۔ مسائل پر مباحث کرنا عوام کا حق ہے ۔ تلنگانہ ڈیموکریٹک فورم کے زیر اہتمام ورنگل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہرگوپال نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل احتجاج میں عوام کے حصہ لینے سے ممکن ہوئی ہے ۔ جس پارٹی نے عوامی احتجاج منظم کئے تھے ۔ اب وہی پارٹی عوام کو جمع ہونے اور قبائل دلتوں خواتین اور اقلیتوں پر زیادتیوں کے خلاف جدوجہد کرنے سے روک رہی ہے ۔ وہ جلسہ کی اجازت دینے سے پولیس کے انکار کا ذکر کررہے تھے جلسہ گاہ میں کشیدگی دیکھی گئی کیوں کہ پولیس جلسہ میں شرکت کرنے والوں پر نظر رکھے ہوئے تھی ۔ پولیس نے انقلابی شاعر ورا ورا راؤ کو جلسہ سے خطاب کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ ہرگوپال نے کہا کہ حکومت کی پابندیوں کے باوجود جلسہ کامیاب رہا ۔ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ انہوں نے پولیس کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ جلسہ میں ماویسٹ شرکت کریں گے ۔ جلسہ کے مقررین نے کہا کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے نکسلی تحریک کی تائید کی اور اقتدار پر آنے کے بعد ان نکسلائٹس کو نشانہ بنایا جنہیں عوام کی تائید حاصل تھی ۔ ہرگوپال نے کہا کہ این ٹی آر ، وائی ایس آر اور کے سی آر نے نکسلائٹس کے ایجنڈہ کی تعریف کی تھی لیکن اقتدار پر آنے کے بعد معاملہ برعکس ہوگیا ۔ جلسہ میں ورا ورا راؤ ، سی نارائن راؤ اور دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر جی این سائی بابا موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT