Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / عوام کے ساتھ دغابازی ، حکومت کا حواس باختہ ردعمل

عوام کے ساتھ دغابازی ، حکومت کا حواس باختہ ردعمل

ایف ڈی آئی پالیسی اعلان پر اپوزیشن اور آر ایس ایس ملحقہ تنظیم کی نکتہ چینی
نئی دہلی ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی جانب سے آج ایف ڈی آئی اصلاحات کے اعلان پر آر ایس ایس کی ملحقہ تنظیم نے اسے عوام کے اعتماد سے ’’دغابازی‘‘ قرار دیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے دفاعی شعبہ میں غیرمعمولی تبدیلی کے فیصلوں کو قومی سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے اور کانگریس نے ان فیصلوں سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان جئے رام رمیش نے کہا کہ یہ صرف گورنر آر بی آئی رگھورام راجن کے کل کئے گئے اعلان پر حواس باختہ ردعمل ہے۔ رگھورام راجن نے کہا تھا کہ وہ آر بی آئی گورنر کی حیثیت سے سبکدوش ہوجائیں گے اور پیشہ تدریس سے دوبارہ وابستگی اختیار کرلیں گے۔ سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں ایف ڈی آئی انتہائی خطرناک ہے اور صرف چند ممالک ہی ایسے ہی جنہوں نے اس حساس شعبہ میں ایف ڈی آئی کی اجازت دی ہے۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ مودی حکومت ’’ہندوستان کی تعمیر‘‘ کے نام پر ’’ہندوستان کی تخریب‘‘ کررہی ہے۔ آر ایس ایس ملحقہ تنظیم سودیشی جاگرن منچ نے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ ایف ڈی آئی اصلاحات کا مقصد روزگار کے مواقع نہیں ہے۔ اس کا مقصد ہندوستانی عوام سے روزگار چھین لینا ہے۔ منچ نے کہا کہ یہ مقامی تاجرین کیلئے پھانسی کا پھندہ ثابت ہوگا۔ سابق وزیردفاع اے کے انٹونی نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں صدفیصد ایف ڈی آئی کا صاف مطلب یہ ہیکہ اسے نیٹو ۔ امریکی کمپنیوں کے حوالے کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلو انتہائی اہم ہے کہ نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے فوری بعد اس طرح کی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT