Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عہدے سے زیادہ تعلقات اثر انداز

عہدے سے زیادہ تعلقات اثر انداز

محکمہ اقلیتی بہبود کے لیے بجٹ حصول میں پروفیسر ایس اے شکور کی مساعی کامیاب
سکریٹری اقلیتی بہبود کی کوشش رائیگاں ثابت ، سید عمر جلیل کا اعتراف
حیدرآباد۔22 مارچ (سیاست نیوز) بسا اوقات عہدے سے زیادہ تعلقات اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس کی تازہ مثال محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں سامنے آئی ہے۔ مالیاتی سال 2016-17 کا 31 مارچ کو اختتام عمل میں آئے گا، ایسے میں محکمہ اقلیتی بہبود نے بعض اہم اسکیمات کے لیے لمحہ آخر میں بجٹ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں مایوسی ہوئی ۔ ایسے وقت میں سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور محکمہ کے لیے ایک نعمت ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے تعلقات کی بنیاد پر تقریباً 80 کروڑ روپئے کا بجٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ایسے وقت جبکہ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل بجٹ کے حصول کے لیے محکمہ فینانس کے چکر کاٹتے ہوئے تھک چکے تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اپنے روابط کی بنیاد پر تقریباً 80 کروڑ روپئے کی اجرائی کو یقینی بنایا۔ اس بات کا اعتراف خود سکریٹری اقلیتی بہبود کرچکے ہیں۔ لمحہ آخر میں بجٹ کے حصول میں کامیابی کے بعد دیگر اقلیتی ادارے بھی ان کے باقی بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں پروفیسر ایس اے شکور سے رجوع ہوکر اصرار کررہے ہیں لیکن اب جبکہ مالیاتی سال کے اختتام کو صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، مزید بجٹ کی اجرائی ممکن نظر نہیں آتی۔ بتایا جاتا ہے کہ پروفیسر ایس اے شکور کی مساعی سے مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 76 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی۔ محکمہ فینانس نے دیگر اداروں کے لیے بھی رقم جاری کرتے ہوئے بی آر او جاری کیا۔ محکمہ فینانس نے 10 اہم اسکیمات کے لیے 17 مارچ کو 63 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار روپئے جاری کئے ہیں جو صرف اور صرف پروفیسر ایس اے شکور کی مساعی کا نتیجہ بتائے گئے ہیں۔ انہوں نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے اپنے دیرینہ روابط کی بنیاد پر اقلیتی اسکیمات کے بجٹ کی اجرائی کو ممکن بنایا۔ عام طور پر مالیاتی سال کے اختتام سے عین قبل بجٹ کی اجرائی آسان نہیں ہوتی۔ 63 کروڑ 24 لاکھ میں جن اہم اسکیمات کے لیے رقومات مختص کی گئیں جن میں اوورسیز اسکالرشپ اسکیم، ٹریننگ ایمپلائمنٹ، مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی تعمیر و مرمت، تلنگانہ اسٹیڈی سرکل کے ذریعہ کوچنگ پروگرامس، ائمہ اور موذنین کا ماہانہ اعزازیہ، اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر، حج کمیٹی اور سی ای ڈی ایم کے کوچنگ پروگرامس شامل ہیں۔ اقلیتی بہبود کے اداروں میں پروفیسر ایس اے شکور کے تحت چلنے والے تین اداروں کا مکمل بجٹ جاری ہوچکا ہے جن میں اردو اکیڈیمی، حج کمیٹی اور سی ای ڈی ایم شامل ہیں۔ آئندہ سال اقلیتی بہبود کے بجٹ کی عاجلانہ اجرائی کے سلسلہ میں اس طرح کے روابط کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT