Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدالاضحی اور گنیش وسرجن، ڈی سی پی ساؤتھ زون کی خصوصی ہدایات

عیدالاضحی اور گنیش وسرجن، ڈی سی پی ساؤتھ زون کی خصوصی ہدایات

حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے جاریہ ماہ منعقد ہونے والے عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے پیش نظر فلک نما ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے قریش برادری کے ارکان کا ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں ڈی سی پی نے قریش برادری کو واقف کروایا کہ اس سال عیدالاضحی اور گنیش تہوار کا انعقاد ایک ہی ماہ میں ہورہا ہے اور انہوں نے جانوروں کی منتقلی اور فروخت  سے متعلق کئی ہدایتیں جاری کیں ۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے قریش برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ گائے یا بچھڑے کی فروخت اور اس کو ذبح کرنے سے گریز کریں ۔ قربانی کیلئے جانوروں کو حیوانات کے ڈاکٹرس کا سرٹیفکیٹ لازم ہے ۔ جانوروں کی غیرقانونی منتقلی میں ملوث ہونے پر پولیس کو اطلاع کریں اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے ۔ گنیش وسرجن کیلئے استعمال کئے جانے والی سڑکوں سے جانوروں کی منتقلی کی اجازت نہیں ہے ۔ اس اجلاس میں ڈی سی پی بتایا کہ قربانی کے جانوروں کے فضلہ ، ہڈیاں اور سینگ وغیرہ کو کھلے عام سڑکوں پر نہ پھینکا جائے اور متعلقہ علاقوں میں گنیش منڈپ کی موجودگی کا خیال رکھا جائے ۔ قربانی کے جانوروں کا خون سڑکوں پر بہانے کی اجازت نہیں ہے ۔ ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائنا نے دونوں فرقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں تہوار جوش و خروش سے منائیں اور اسی طرح مذہبی جذبات کا خیال بھی رکھیں ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT