Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدالضحی و گنیش وسرجن کیلئے وسیع تر سکیوریٹی انتظامات

عیدالضحی و گنیش وسرجن کیلئے وسیع تر سکیوریٹی انتظامات

وزیر داخلہ کا گنیش اتسو سمیتی ‘ حکومت کے نمائندوں و اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ /8 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں گنیش وسرجن جلوس /27 ستمبر کو منظم کیا جائے گا  اور مورتیوں کا وسرجن اس سال حسب سابق حسین ساگر میں کیا جائے گا ۔ اس مرتبہ عیدالضحٰی اور گنیش وسرجن دو دن کے فرق سے ہونگے ۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے دونوں تہوار بھی انتہائی خوشگوار ماحول میں پرامن طور پر منانے کا بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی ، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے وزرا  و ڈپٹی چیف منسٹر کی موجودگی میں وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو وزیر کمرشیل ٹیکس ، اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے علاوہ بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی کے عہدیداروں کے علاوہ بی جے پی ارکان اسمبلی بھی شریک تھے ۔ بعد ازاں اجلاس کی روئیداد سے واقف کرواتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ /17 ستمبر کو گنیش چتورتھی تقاریب کا آغاز ہوگا ۔ اور /27 ستمبر کو گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں آئے گا ۔ مورتیوں کا وسرجن حسین ساگر میں کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گنیش وسرجن کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظامات سے متعلق تمام محکمہ جات کے ساتھ محکمہ بلدیہ آپسی تال میل کے ساتھ اقدامات کریگا ۔ انہوں نے /24 ستمبر کو عیدالضحیٰ کے پیش نظر آپسی اتحاد و بھائی چارگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں تہواروں کو پرامن انداز میں منانے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تہواروں کے دوران پانی کی سربراہی اور برقی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گنیش منڈپوں کے قیام سے متعلق پولیس کو مکمل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ برقی سربراہی کیلئے سابقہ طریقہ کار کی خواہش کی گئی ۔ احتیاطی اقدامات کیلئے منڈپوں کی مکمل تفصیلات پولیس اکھٹا کر رہی ہے ۔ سرجن کیلئے حسین ساگر کے پاس تین دن کرینوں کی تنصیب عمل میں لائی جائیگی ۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ وسرجن جلوس میں ڈی جے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وسرجن کے موقع پر غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے بھائی چارہ و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے دونوں تہوار خوشی کے ساتھ منانے کی اپیل کی ۔

TOPPOPULARRECENT