Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ اور مسجد عالمگیر خانم میٹ کی وقف اراضی کا آج دورہ

عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ اور مسجد عالمگیر خانم میٹ کی وقف اراضی کا آج دورہ

درگاہ روح اللہ شاہ کے دورہ کا پروگرام بارش کے سبب ملتوی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست (سیاست نیوز) بارش کے پیش نظر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اوقافی جائیدادوں کے دورہ کے پروگرام کو ملتوی کردیا تھا تاہم لمحہ آخر میں پروگرام کو برقرار رکھا گیا ۔ انہوں نے عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ اور مسجد عالمگیر خانم میٹ کی اوقافی اراضی کا 10 اگست کو ضلع کلکٹر رنگا ریڈی اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی آج درگاہ حضرت روح اللہ شاہ نیک نام پورہ کا دورہ کرنے والے تھے لیکن کل رات دیر گئے بارش کے آغاز کے سبب دورہ کو ملتوی کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے عہدیداروں نے خواہش کی ہے کہ دورہ کے پروگرام کو آئندہ ہفتہ کیلئے ملتوی کیا جائے کیونکہ بارش میں سروے ممکن نہیں ہے۔ تاہم صدر نشین نے ان سے خواہش کی کہ کل جمعرات کے دورہ میں شامل ہوں ۔ وقف بورڈ نے ریونیو عہدیداروں کے ساتھ درگاہ روح اللہ شاہ کی اراضی کے سروے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حقیقی اراضی کی حدبندی کی جائے اور پٹہ جات کی اجرائی کو منسوخ کیا جائے ۔ ریونیو حکام نے اوقافی اراضی کے پٹے جاری کردیئے ہیں۔ مشترکہ سروے کے بعد ریونیو عہدیداروں کو پٹوں کی منسوخی کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ مسجد عالمگیر کی اراضی پر ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے تعمیری سرگرمیوں کے خلاف نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں شکایت کے باوجود تعمیری کام جاری رہنے پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ دورہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عہدیدار اگر اوقافی اراضی پر قابض ہو تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کی اراضی کا سروے کرتے ہوئے حقیقی اوقافی اراضی کا تعین کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گٹلہ بیگم پیٹ میں عدالتی احکامات کے باوجود قابضین کی جانب سے تعمیری سرگرمیوں کی اطلاعات ملی ہیں ۔ وہ بذات خود اس علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے قابضین کو پابند کرچکے ہیں، اس کے باوجود وہ اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ لہذا ضلع کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے وقف بورڈ اراضی کی حدبندی کے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے مسجد گٹلہ بیگم پیٹ کو اپنی راست نگرانی میں لے لیا ہے۔ اڈہاک کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں بورڈ کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے تمام انتظامات اور خاص طور پر عیدالاضحیٰ کے انتظامات وقف بورڈ کی نگرانی میں انجام دیئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT