Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / عید الفطر ملک گیر سطح پر جوش و مسرت کے جذبے کیساتھ منائی گئی

عید الفطر ملک گیر سطح پر جوش و مسرت کے جذبے کیساتھ منائی گئی

نئی دہلی، 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانان ہند نے جمعرات کو چند حصوں کے ماسواء ملک گیر سطح پر عید الفطر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ بے شمار مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی گئی، مسلمانوں نے بغل گیر ہوکر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور ارکان خاندان کے ساتھ خوشی کا دن منایا۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں زرق برق لباسوں میں ملبوس مسلمان تاریخی جامع مسجد، فتح پوری مسجد ، درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء ؒاور متعدد مساجد اور عیدگاہوں میں عید کی نماز کیلئے جمع ہوئے تھے۔ نماز کے بعد انہوں نے باہم مبارکباد اور تحفوں کا تبادلہ کیا۔ صیانتی انتظامات میں ملک گیر سطح پر اضافہ کردیا گیا تھا۔ خاص طور پر جہاں نماز عید میں ہجوم ہوتا ہے، ہر ممکن حفاظتی انتظام کیا گیا تھا۔ جموں و کشمیر اور کیرالا میں کل ہی عید الفطر منائی جاچکی ہے۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، وزیراعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے عوام کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ اس سے تمام افراد کو محبت اور عالمگیر اخوت کے پیغام پر عمل آوری کی تحریک ملے گی۔بالی ووڈ کے ستاروں نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعہ عید کی مبارکباد پیش کی۔ یو پی میں ہم آہنگی اور عید کی خوشی میں مسلمانوں کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے عیدگاہوں اور مساجد پر قطار بنا رکھی تھی تاکہ نماز عید کے بعد مسلم بھائیوں کو مبارکباد پیش کرسکیں۔ گورنر یو پی رام نائک اور چیف منسٹر اکھلیش یادو نے عیدگاہ پر اس موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ شاہی امام مسجد ٹیپو سلطان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اخوت پر زور دیا۔ ٹاملناڈو میں جوش و مسرت کے جذبے کے ساتھ عید الفطر منائی گئی۔ دنیا بھر میں امن، خوشحالی اور اخوت کی دعائیں کی گئیں۔ چیف منسٹر جیہ للیتا، صدر ڈی ایم کے پارٹی ایم کروناندھی نے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ مدھیہ پردیش میں چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے عیدگاہ بھوپال میں عید کی خوشیوں میں شرکت کی۔ مہاراشٹرا اور گجرات میں بھی کافی جوش و خروش کے ساتھ عید منائی گئی، جہاں کے چیف منسٹروں نے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT