Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عید الفطر میں اخوت و بھائی چارہ ، حسنات اور مساوات کا درس

عید الفطر میں اخوت و بھائی چارہ ، حسنات اور مساوات کا درس

تزکیہ نفس ، اصلاح اور ہمدردی کو مسلمان اپنا شعار بنالیں : مختلف قائدین کے پیام عید
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : جناب سید عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ نے ریاست کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر اخوت و بھائی چارہ اور بھائیوں و حسنات اور مساوات کا درس دیتی ہے ۔ مقدس ماہ رمضان کے دوران مسلمانوں نے روزہ ، زکواۃ ، صدقات اور تراویح کا اہتمام کرتے ہوئے جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے اس کو سال بھر جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ماہ رمضان کی تربیت کی روشنی میں مسلمان دین و دنیا میں کامیابی اور سرخروئی حاصل کرنے کی جدوجہد میں مشغول رہیں گے ۔۔
٭٭    پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی و ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ریاست کے مسلمانوں ، بہنوں خصوصاً عازمین حج کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان نفس کی پاکیزگی اور تربیت کا مہینہ ہے ۔ خاص کر اس مہینہ میں عازمین حج نے صبر و شکر اور پابندی اوقات کا جو مظاہرہ کیا ہے اس سے ان کو دوران حج بڑی مدد ملے گی ۔ انہوں نے عازمین حج سے خواہش کی کہ عید الفطر کے ساتھ ہی وہ حج کی تیاریاں شروع کریں کیوں کہ مقدس سفر حج پر روانگی کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے اور اس وقت سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔۔
٭٭    جناب اے کے خاں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو صدر تلنگانہ اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی نے عامتہ المسلمین کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید خوشیوں اور مسرتوں کا پیام لاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں تعلیم کو بڑی اہمیت دی گئی ہے اور مسلمانوں کو تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہئے ، جس سے ترقی اور خوش حالی کی راہیں کھلتی ہیں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عید الفطر مسلمانوں کی ترقی اور خوشحالی کا نیا پیام لائے گی ۔۔
٭٭    ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک نے تمام مسلمانان عالم کی خدمت میں عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا عید درحقیقت احسان شناسی اور اظہار شکر حق تعالی کا اجتماعی موقع ہے ۔ عید اس عہد اور عزم کا دن ہے کہ جس طرح ہم نے ماہ رمضان المبارک میں اطاعت الٰہی اور اتباع رسالتؐ کو حرزجان بنائے رکھا تھا اب سال بھر بلکہ تمام عمر اسی تربیت صالح اور مشق خیر کو جاری رکھنا ہے ۔ اللہ تعالی ہم سب پر دائمی طور پر اپنی رحمتیں بہ طفیل حضور اکرمؐ نازل فرمائے اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔۔ ( آمین )
٭٭    ذمہ داران انوار محمدی مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی ( سرپرست اعلیٰ ) ، ڈاکٹر میر وجاہت علی ( معتمد مجلس انتظامی ) اور مولانا سید اسحاق محی الدین قادری ( بانی و ناظم اعلیٰ) ، مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی ، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی ، مولانا حافظ غلام محمد خاں نقشبندی ، مولانا حافظ محمد آصف عرفان قادری ، مولانا حافظ محمد شرف الدین قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ مدرسہ باب العلم انوار محمدی کے علمائے کرام نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ کے بندوں کی طہارت و ریاضت کی وجہ ان کی پیشانیاں نور سے چمک رہی تھیں ۔ نورانیت ظاہر اور روحانیت غالب تھی اس کے علاوہ صاحبان نصاب زکواۃ ، خیرات ، صدقات کی ادائیگی کے ذریعہ غریبوں کی دستگیری کی اور پھر نماز سے قبل مسلمانوں کی فطرہ کے ذریعہ تعاون بھی ۔ یقینا ہماری عید صرف جشن یا خوشی نہیں بلکہ ریاضت ، عبادت ،اجتماعی اور ملی زندگی کے اظہار کی علامت ہے ۔ ہم تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی تہہ دل سے مبارکباد دیتے ہوئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ماہ صیام کی عبادتوں کو قبول فرمائے ۔ روزہ ، نماز ، تراویح ، تہجد ، زکواۃ ، صدقات ، خیرات جو مسلمان اپنی اپنی حیثیت سے ادا کیے اللہ تعالی قبول فرمائے اور اجر عظیم عطا کرے ۔۔ ( آمین )
٭٭    ڈاکٹر مختار احمد فردین صدر آل انڈیا اردو ماس سوسائٹی فار پیس نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیام میں کہا کہ آج دنیا تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ۔ اسلام نے دنیا کو پیام امن دیا ہے ۔ اس لیے آج ہم عہد کریں کہ دنیا سے برائیوں کا خاتمہ ہو اور ہم پوری دنیا کے انسانیت کیلئے عید کی خوشیوں کو ایک دوسرے سے بغلگیر ہو کر محبت و انسانیت اور بھائی چارگی کا پیام دیں ۔۔
٭٭    جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے تمام مسلمانوں کو اپنی اور تنظیم کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے عید الفطر کی پر خلوص مبارکباد پیش کی ۔ ان کو بھی جنہوں نے ماہ مبارک میں روزہ ، نماز ، تلاوت قرآن اور دیگر عبادتوں کا اہتمام کیا اور ان مسلمانوں کو بھی جو ان کا اہتمام نہ کرسکے ۔ اس دعا کے ساتھ اللہ تعالی انہیں ان عبادتوں کے اہتمام کو قابل بنائے اور اس کی توفیق بخشے ۔ خوشیوں کی معراج اور مسرتوں کا نقطہ کمال ہے کہ مسلمان اللہ کی کبریائی اس کی یکتائی اور اس کی حمد کو زندگی کا نصب العین بنالیں اور ماحول کو اس کی خوشیوں سے معطر کریں ۔۔
٭٭    جناب محمد ضیا الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے عید سعید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں قرآن نازل کیا گیا جو ساری انسانیت کے لیے ہدایت ہے الفرقان ہے ۔ رحمت ہے ۔ نور ہے شفا ہے اسی ماہ مبارک میں امت کو بدر کے مقام پر یوم فرقان اور ام القری میں یوم الفتح نصیب ہوئے ۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن کے پیغام کو لے کر کھڑا ہونے کی ہمت ، حوصلہ عزم اور شوق اور ولولہ سے سرفراز کرے ۔۔
٭٭    جناب محمد اکبر حسین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند چارمینار نے رمضان المبارک کے اختتام کے موقعہ پر تمام اہل اسلام بالخصوص اہلیان حیدرآباد کو عید الفطر کی پر خلوص مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا انشاء اللہ عید الفطر تمام مسلمانوں کیلئے عید سعید ثابت ہو اور آنے والے دنوں میں اللہ تعالیٰ عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے حالات بہتر فرمائے گا ۔۔
٭٭    جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے عید الفطر کی مسلمانان عالم کو پر خلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جشن نزول قرآن کا مہینہ رخصت ہوا ۔ عالم اسلام اس وقت اضطرابی حالت میں ہے ۔ ان تکلیف دہ حالات میں ہم عید الفطر منا رہے ہیں ۔ مدینہ مقدس میں بم دھماکے نے ہمارے دلوں کو اور زخمی کردیا ہے ۔ ہمارے ملک ہندوستان میں شریعت کے خلاف یکساں سیول کوڈ اور گائے و بابری مسجد کے نام پر مسلمانوں کو پریشان کیا جارہا ہے ۔ اپنی خوشیوں میں ان سب حالات کو بھی یاد رکھیں ۔۔
٭٭    مولانا غوثی شاہ نے اپنے ایک بیان میں تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بقول حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہ ’ عید اس کی نہیں جس نے نئے کپڑے پہن لیے بلکہ عید اس کی ہے جس سے کوئی برا فعل یا گناہ سرزد نہ ہوا ہو ‘ یعنی عید اس کی ہے جس نے خدا کی خوشنودی حاصل کی اور جو اپنوں کے علاوہ غیروں سے بھی حسن سلوک سے پیش آئے ۔ مذہب اسلام نے مسلمانوں کو دوسروں کے ساتھ بھی مل کر جل کر زندگی گزارنے کی تعلیم دی ہے ۔ یاد رکھیں کہ حقوق العباد میں ہندو مسلم سکھ عیسائی سب ہی کے حقوق شامل ہیں ۔۔
٭٭    مومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ میٹ کے عہدیداران سید علی الدین احمد اسد محمد فہد احمد محمد اسماعیل بلال اور سید حمید الدین احمد محمود نے عالم اسلام بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں کو عید الفطر کی پر خلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمات اسلامی اسوہ حسنہ کی روشنی میں ہمیں ایک انسانیت نواز فرد کی حیثیت سے دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے وقف ہوجانا چاہئے ۔۔
٭٭    سادات ایجوکیشن سوسائٹی کے قائدین جسٹس ای اسمعیل ، پروفیسر اکبر علی خاں ، ایم اے وحید ، پروفیسر مسعود احمد خاں ، پروفیسر مجید بیدار ، انور علی ایڈوکیٹ نے عامتہ المسلمین کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ ما بعد رمضان بھی رمضان کی اسپرٹ کو برقرار رکھیں گے ۔۔
٭٭    صدر انجمن الحسین الہند نعت خواں و نوحہ خواں جناب میر مظفر علی مجاہد خاں نے عید الفطر کے موقع پر تمام عالم کے مسلمانوں کو عید الفطر کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT