Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عید ملاپ سے غلط فہمیوں کا ازالہ اور محبت میں اضافہ

عید ملاپ سے غلط فہمیوں کا ازالہ اور محبت میں اضافہ

نظام آباد:15؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جماعت اسلامی ہند شہر نظام آباد کے شعبہ دعوت سیل کے زیر اہتمام جلسہ عید ملاپ بمقام راجیو گاندھی آڈیٹوریم  محمدرفیق احمد معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کاروائی کا آغاز حافظ محمد عبدالعلیم امام مسجد رضا بیگ کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ اس کی تلگو ترجمانی محمد ابراہیم نے پیش کی۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض شیخ حسین ناظم دعوت سیل نے انجام دی۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے حافظ احمد عبدالحلیم امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر نظام آباد نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند اس ملک میں شروع دن ہی سے امن وآشتی بھائی چارہ کی دعوت پیش کرتی آئی ہے ۔ اس نے دین اور دنیا کے کسی بھی معاملے میں مسلمانوںکے ساتھ ابنائے وطن کو بھی برابر شریک سمجھتی رہی ہے انہوںنے جماعت اسلامی کی تمام سرگرمیوں سے حاضرین جلسہ کو واقف کروایا۔ انہوںنے کہاکہ جماعت، اسلام کا پیغام ابنائے وطن تک پہنچانا اپنا فرض اولین سمجھتی ہے اور آج تک جماعت اسلامی نے ابنائے وطن کیلئے ملک کی35تا38زبانوں میں اسلام کے لٹریچر قرآن اور حدیث کے ترجمے شائع کرچکی ہے اور ہم وقتاً فوقتاً اپنے غیر مسلم بھائیوں میں پہنچانے کا کام کرتے آئے ہیں پھر اسلام اور مسلمانوں کی ہر تقریب و عید و تہوار خوشی اور مسرت کے موقعوں پر ہم ابنائے وطن کو اپنے ہاں مدعو کرکے انہیں یہ بتاتے ہیں کہ اس خوشی کیلئے اسلام نے یہ رہنمائی کی ہے اور اسلام کا یہ موقف ہے۔ کرسچین سوسائٹی کے نمائندہ جناب رینوڈجاشوا نے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی ان کوششوں کو سراہا اور کہاکہ باہمی میل ملاپ کے ایسی محفلوں کا انعقاد ضروری ہے۔ معروف پجاری چینوجیواچارپالو مانیدونے کہاکہ ویدوں میں بھی اتحاد کی بات کہی گئی ہے ہر مذہب انسانیت کاپیغام دیتاہے عیدملاپ کے ایسے پروگرام پر انہوںنے خوشی کااظہا رکیا اور کہاکہ اس سے غلط فہمیوں کا ازالہ ہوتاہے اور محبت بڑھتی ہے۔ برہما تماری ادارہ سے تعلق رکھنے والی سنیتا بہن جی نے کہاکہ ہمارے ادارہ میں ایسی خواتین ہیں جو ہر نفسانی خواہش کو ترک کرکے دنیا تیاگ کر لوگوں کو روحانی تعلیم فراہم کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بھید بھائو چھوڑ کر بھائی چارگی کو فروغ دینا چاہئے۔ محمد رفیق احمد نے اپنے خطاب میں توحید و رسالت آخرت کے بارے میں مفصل گفتگو کی اور دنیا میں پھیلی ہوئی خرابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ دنیا آج اخلاقی طورپر تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔آج اچھے اور برے کی تمیز ختم ہورہی ہے ۔ لوگوں میں خوف خدا ختم ہوگیا ہے انسان من مانی کرنے لگا ہے لوگ خدا کے اختیارات میں مداخلت کرنے لگے ہیں انہوںنے رمضان عید و دیگر اسلامی تقاریب پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مدلل انداز میں اسلام کا پیغام حاضرین جلسہ کے سامنے پیش کیا۔

TOPPOPULARRECENT