Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / عید میلادالنبیؐ ملک بھر میں جوش و خروش کیساتھ منائی گئی

عید میلادالنبیؐ ملک بھر میں جوش و خروش کیساتھ منائی گئی

پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺسے وابستگی کا پرجوش اظہار۔ درگاہ حضرت بَلؒ میں عقیدت مندوں کا اژدہام، روح پرور مناظر
نئی دہلی ؍ سری نگر 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے یوم ولادت کے موقع پر گزشتہ روز سارے ہندوستان میں عید میلادالنبی ﷺ کو توحید کے پروانوں نے جوش و خروش کے ساتھ منایا اور اس موقع پر ملک کے بے شمار حصوں میں جلوس اور خصوصی جلسے منعقد کئے گئے۔ بالخصوص جموں و کشمیر میں اس موقع پر بڑے پیمانے پر جوش و خروش اور پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم سے وابستگی کے اظہار کے روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ شدید سرد موسم کے باوجود شمع محمدی کے پروانے درگاہ حضرت بل میں نماز تہجد کے لئے حاضر ہوئے۔ قبل ازیں دن میں معتقدین کی بڑی تعداد اس درگاہ پر دیکھی گئی جنھوں نے نمازوں کا اہتمام کیا۔ کافی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ مرد حضرات و خواتین ڈبڈبائی آنکھوں کے ساتھ عبادت میں مصروف رہے۔

اس موقع پر موئے مبارک کی نمائش کا بھی اہتمام ہوا۔ حضرت بلؒ کے علاوہ وادیٔ کشمیر کے دیگر کئی مقامات پر بھی 12 ربیع الاول کی مناسبت سے جلسے منعقد کئے گئے، جلوس نکالے گئے۔ ان جلسوں میں مقررین نے خاص طور پر پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات اور اُسوۂ حسنہ کی تعمیل پر زور دیا۔ جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرہ اور چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور اپنے پیامات میں کہاکہ یہ موقع نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر ابنائے وطن کے لئے بھی بھائی چارہ کا موجب بن جائے۔ حکام نے اِس موقع پر سکیوریٹی کے علاوہ دیگر انتظامات کر رکھے تھے۔ جئے پور میں بھی کل کا دن دیکھنے کے لائق رہا جہاں سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم کے عنوان سے متعدد اجتماعات دیکھنے میں آئے۔ خصوصی مذہبی تقاریب کے ذریعہ مسلمانوں نے آخری پیغمبر سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اترپردیش، مدھیہ پردیش، کرناٹک ، کیرالا وغیرہ میں بھی اس موقع کا خاص اہتمام کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT