Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / عید و تہوار میں ملبوسات کی تقسیم ترقی کی علامت نہیں

عید و تہوار میں ملبوسات کی تقسیم ترقی کی علامت نہیں

ٹی آر ایس کا ڈیڑھ سالہ دور مایوس کن، وی ہنمنت راؤ کانگریس رکن راجیہ سبھا کا بیان
حیدرآباد /7 جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ عید اور تہواروں میں کپڑے تقسیم کرنا ترقی کی علامت نہیں ہے۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا ڈیڑھ سالہ دور اقتدار مایوس کن رہا۔ شہر کی ترقی کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور کانگریس کے ترقیاتی کاموں کو اپنا کارنامہ بتاکر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی اور سیٹلرس کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے ٹی آر ایس مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ انھوں نے ریاستی وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے ٹی آر کی جانب سے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنانے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست  تشکیل دینے کی وجہ سے کے سی آر چیف منسٹر اور کے ٹی آر وزیر بنے، لیکن کے ٹی آر اپنا محاسبہ کرنے کی بجائے حدود پارکرکے بات کر رہے ہیں۔ انھوں نے ٹی آر ایس اور مجلس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے خفیہ اور ناجائز اتحاد ہوا ہے۔ دونوں جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کے لئے تنہا 150 بلدی حلقوں میں مقابلہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرکے حیدرآباد کے عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں، لیکن شہر کے عوام باشعور ہیں، وہ دونوں جماعتوں کو سبق سکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بی جے پی کی مخالفت کرنے والی ٹی آر ایس دہلی میں اس کی دوست ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس نے تشکیل دی اور گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لئے کئی عملی اقدامات بھی کئے، انتخابی مہم کے دوران کانگریس کے کارناموں سے عوام کو واقف کروایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT