Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / غذائیت سے بھرپور ہلکی پھلکی اشیا کے فروغ کا فیصلہ

غذائیت سے بھرپور ہلکی پھلکی اشیا کے فروغ کا فیصلہ

دیہی علاقوں پر خاص توجہ دی جائیگی ۔ سیلف ہیلپ گروپس کی مدد حاصل کی جائیگی
حیدرآباد۔25جولائی (سیاست نیوز) ریاست کے دیہی علاقوں میں غذائی قلت کے خاتمہ کیلئے وزارت دیہی ترقیات نے غذائیت سے بھرپور کھانے کی ہلکی پھلکی چیزوں کی دکانات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت ریاست کے دیہی علاقوں میں حکومت اور محکمہ دیہی ترقیات کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کی مدد حاصل کرتے ہوئے Nutri-Shop کھولے جائیں گے۔ محکمہ کے عہدیداروں کے مطابق درج فہرست قبائل اور طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو جو غذائی قلت کا سامنا ہے انہیں غذائیت سے بھرپور اشیاء کے استعمال کی سمت راغب کروانے کیلئے کئے جانے والے اس اقدام کے ذریعہ غیر معیاری نمکین کا خاتمہ اور معیاری نمکین کو فروغ حاصل ہوگا اور اس منصوبہ پر عمل آوری کے ذریعہ ریاست کے دیہی علاقو ںمیں صحتمند ماحول کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ وزارت دیہی ترقیات کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کو یونیسیف کے غذائی قلت سے نمٹنے کے پراجکٹ کا حصہ بنایاجائے گا اور اس پراجکٹ کے ذریعہ دیہی عوام میں اس بات کا شعور بیدار کیا جائے گا کہ وہ غیر معیاری غذاؤں اور نمکین و ناشتہ کی ہلکی پھلکی اشیاء کے بجائے معیاری اور غذائیت سے بھرپور اشیاء کے استعمال کو ممکن بنائیں۔ محکمہ کی جانب سے اس سلسلہ میں بھاری سرمایہ کاری کے ذریعہ دودھ ‘ ترکاری اور پولٹری کے فروغ کے بجائے ایسی دکانیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے جہاں غذائیت سے بھرپور اشیاء عوام کو بہ آسانی حاصل ہو سکیں۔ ان اشیاء میں دالوں اور دودھ کے علاوہ ترکاریوں کے استعمال سے تیار کردہ اشیاء شامل رہیں گی جو کہ غذائی قلت کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان اشیاء کی دکانات کے آغاز کے ساتھ ساتھ دیہی عوام میں صحت بخش غذائوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ کیلئے ضروری ہے کہ گھر گھر مہم چلائی جائے۔ اسی لئے محکمہ دیہی ترقیات نے منصوبہ تیار کیا ہے کہ غذائی قلت کو دور کرنے کی اشیائے خورد و نوش کی فروخت کی دکانات کے قیام اور ان کے متعلق شعور بیداری کے ساتھ دیہی عوام کو صاف صفائی اور ماحولیات کے متعلق بھی واقف کروایا جائے کیونکہ ماحولیات اور صاف صفائی کا بھی غذا پر اہم اثر ہوتا ہے ۔ تلنگانہ میں غذائی قلت کو دور کرنے کے لئے تیار کئے جانے والے اس منصوبہ سے محکمہ کو کافی امیدیں ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اس منصوبہ کا تجربہ آئندہ چند ماہ کے دوران شروع کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT