Thursday , September 21 2017
Home / سیاسیات / غریبوں کی فہرست میں ارکان اسمبلی کی شمولیت

غریبوں کی فہرست میں ارکان اسمبلی کی شمولیت

جموں و کشمیر میں 2 تحصیلداروں کی معطلی
سرینگر ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : حکومت جموں و کشمیر نے خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والوں ( بی پی ایل ) کی فہرست میں 2 ارکان اسمبلی کی شمولیت کے بعد آج محکمہ ریونیو کے متعدد عہدیداروں کو معطل کردیا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ۔ وزیر مالگذاری بشارت بخاری نے قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ بی پی ایل استفادہ کنندگان کی فہرست میں مقامی رکن اسمبلی کرشن بھگت کی شمولیت پر علاقہ کھور کے تحصیلدار اور بی پی ایل کمیٹی کو معطل کردیا گیا ہے اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملہ کی اندرون ایک ہفتہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ایم ایل اے بھگت نے خود ایک مکتوب CAPD وزیر ذوالفقار علی کو روانہ کرتے ہوئے عہدیداروں کی دھاندلیوں کی اطلاع دی ہے ۔ دریں اثناء ایک آزاد رکن اسمبلی شیخ عبدالرشید نے ایوان کو مطلع کیا کہ بی پی ایل استفادہ کنندگان کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے اور میں نے بھی ڈپٹی کمشنر کپواڑہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بی پی ایل کی فہرست سے میرا نام حذف کردینے کی گذارش کی ہے ۔ مسٹر بخاری نے مزید کہا کہ علاقہ لنگیٹ کے تحصیلدار کو بھی معطل کردیا گیا جہاں سے عبدالرشید نمائندگی کرتے ہیں ۔ راشن حاصل کرنے والوں کی فہرست میں بے قاعدگیاں اس وقت منظر عام پر آئیں جب محکمہ مالگذاری نے جاریہ سال کے اوائل میں نیشنل فوڈ سیکوریٹی ایکٹ پر عمل آوری کے لیے ناموں کی جانچ پڑتال کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT