Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / غریب بیواؤں میں سہ ماہی وظائف کی تقسیم

غریب بیواؤں میں سہ ماہی وظائف کی تقسیم

مسلم ویلفیر سوسائٹی ہنمکنڈہ کے اقدامات کی ستائش
ہنمکنڈہ /17 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ویلفیر سوسائٹی ہنمکنڈہ ورنگل کی جانب سے 169 بیواؤں میں سہ ماہی وظائف کی تقسیم بمقام آئیڈیل گریز ہاسٹل عمل میں آئی۔ اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی محمد جلال الدین اکبر ڈائرکٹر مائناریٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ حکومت تلنگانہ اور بحیثیت مہمان اعزازی جناب سرور میاں ای ڈی مائناریٹی فینانس کارپوریشن ورنگل نے شرکت کی۔ جناب جلال الدین اکبر کے ہاتھوں فی کس 800 روپئے ان بیواؤں میں تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مسلم ویلفیر سوسائٹی ہنمکنڈہ کی کار کردگی کی ستائش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ اس سنٹر سے 460 درخواستیں شادی مبارک اسکیم کے تحت اور 117 درخواستیں ائمہ و مؤذنین کی آن لائن داخل کی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیواؤں کی امداد بڑے ثواب کا عمل ہے۔ انھوں نے شرکاء سے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کے لئے کئی اسکیمات ہیں اور آئندہ مالی سال سے مزید اسکیمات روشناس کرائی جائیں گی۔ انھوں نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ ان اسکیمات سے فائدہ اٹھائیں اور سوسائٹی کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ بھی ان اسکیمات کو غریب عوام تک پہنچانے کے لئے آگے آئیں اور ان اسکیمات تک پہنچانے میں غریب مسلمانوں کو رہبری کریں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ وہ اس عہدہ پر رہنے تک مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر جناب سرور میاں نے بتایا کہ ایک لاکھ روپئے تک خود روزگار اسکیمات کے لئے حکومت تلگانہ کی جانب سے 80 فیصد سبسیڈی اور دو لاکھ روپئے پر 70 فیصد سبسیڈی پر قرض دیا جا رہا ہے، لہذا اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ بے روزگار افراد فائدہ اٹھائیں۔ انھوں نے سوسائٹی کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ اپنی طرف سے اس اسکیم تک رسائی کے لئے بے روزگار مسلم نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اجلاس میں سوسائٹی کے سکریٹری محمد سراج احمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT