Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم ، فلاحی کاموں کے بارے میں واقفیت

غریب خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم ، فلاحی کاموں کے بارے میں واقفیت

سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی خدمات سے بیرونی علماء متاثر
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے آج دفتر روزنامہ سیاست میں مشیر آباد کے 85 غریب و نادار خاندانوں کے منجملہ 5 خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، ہیلپنگ ہینڈس کے ذمہ دار جناب افتخار حسین ، ڈاکٹر شوکت علی مرزا کے ہاتھوں کی گئی ۔ اس موقع پر بھٹکل ( کرناٹک ) سے آئے ہوئے علماء کرام مولانا معظم ندوی ، مولانا عبدالمنیب ندوی ، مولانا ابراہیم ندوی اور جناب محمد زبیر اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور ہیلپنگ ہینڈس کے ذمہ داروں کی جانب سے دونوں شہروں ، تلنگانہ اور ملک بھر میں جو خدمات کی جارہی ہیں واقف کروایا اور بتایا کہ جناب عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں باضابطہ ایک سنٹر قائم کیا گیا جو روزانہ کام انجام دیا کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ شہر میں دو سنٹر مولا علی اور قائم نگر میں بھی قائم ہیں ۔ جہاں ان تینوں مراکز پر روزانہ ضرورت مندوں کی بڑی تعداد 10 بجے دن تا 2 بجے دن ملبوسات اور دیگر اشیاء کو حاصل کرنے کے لیے پہنچتی ہے ۔ اگر ایک جوڑا کسی نے حاصل کیا تو انہیں دوسرے ماہ بھی دوسرا جوڑا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کپڑوں کے علاوہ مردانی ، زنانی چپل ، جوتے ، پرس و بیاگس ، بچوں کے کھلونے ، موسموں کے لحاظ سے کپڑے اور خاص طور پر دلہنوں کے شادی کے دن ’ دلہن ٹیاگ ‘ بھی دیا جاتا ہے اس ٹیاگ میں دلہن کا جوڑا ، چپل اور دوسرے اشیاء درکار رہتی ہیں ۔ جو ’ تحفہ عروس ‘ کے نام پر انہیں دی جاتی ہے ۔ کپڑوں کے حصول کے لیے انتظامیہ نے شناختی کارڈ کو لازمی قرار دیا ہے ۔ دفتر روزنامہ سیاست میں ملبوسات کی تقسیم سے قبل بھٹکل سے آئے ہوئے علماء کرام کو جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں ایڈیٹر سیاست نے انہیں سیاست کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار سے منسلک کرنے کے لیے مختلف کورسیس کی تربیت ، کمپیوٹر کی تعلیم و تربیت اور ایم ڈی ایف کے تعاون و اشتراک سے رشتوں کے جوڑنے کا نظم ، فن خطاطی ، سیاست آرٹ گیلری اور دوسرے امور سے واقف کروایا ۔ علماء کرام نے جب سیاست کی جانب سے ہونے والی ان کوششوں اور کاوشوں کو دیکھا تو خوشنودی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو مبارکباد دی اور علماء کرام نے اس احساس کا اظہار کیا کہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈس کے ذریعہ ہونے والا یہ خدمت خلق کا کام ایک مستحسن اقدام ہے جو ملت اسلامیہ کے لیے کیا جارہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو فلاحی کام کیا جارہا ہے ۔ رب کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہے ۔ جو ادارہ انسانوں کی ضرورتوں کا خیال رکھتا ہے اور ان کی بروقت مدد کرتا ہے اور پریشان حال لوگ خصوصا عیدین کے وقت کپڑوں کے لیے بے چین و بے تاب رہتے ہیں جب مدد کی جاتی ہے وہ عید سکون سے انجام دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کی جانب سے ملبوسات کی تقسیم کا یہ اقدام برادران وطن میں بھی اچھا تاثر اور اثر پیدا کرے گا ۔ اس کار خیر میں مزید وسعت دینے کے لیے کپڑا بینکس شہر اور اضلاع میں قائم کرنے کا منصوبہ بھی ہے ۔ بھٹکل سے آئے ہوئے علماء کرام نے یہ بھی کہا کہ حیدرآباد کے طرز پر کپڑا بینک اور جو کوششیں کی جارہی ہے اسے بھٹکل کی سرزمین پر جاری و ساری رکھا جائے گا جس کے لیے انہوں نے سیاست اور ہیلپنگ ہینڈس ، فیض عام ٹرسٹ سے تعاون کا اظہار کیا ہے ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT