Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب مریضوں کا ذمہ داری کے ساتھ علاج کرنے ڈاکٹرس کو مشورہ

غریب مریضوں کا ذمہ داری کے ساتھ علاج کرنے ڈاکٹرس کو مشورہ

گاندھی ہاسپٹل میں 65 بستروں کے عصری آئی سی سی یو سنٹر کا افتتاح ، گورنر نرسمہن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج گاندھی ہاسپٹل میں 65 بستروں کے ایک عصری تقاضوں سے ہم آہنگ آئی سی سی یو سنٹر کا افتتاح کیا جو غریبوں کے لیے کارپوریٹ ہاسپٹلس کے طرز پر علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرے گا ۔ اس موقع پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے گورنر نرسمہن نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں تمام انٹنسیوکیر یونٹس میں عصری ایکوپمنـٹ فراہم کیے گئے ہیں ۔ تاہم اس سمت میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس یونٹ کا افتتاح کر کے خوشی محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اور وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی ریاست میں بھی سہولتوں کو بہتر بنانے اور عوام کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرہے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر نے ڈاکٹرس پر زور دیا کہ وہ مریضوں بالخصوص غریب مریضوں کا ذمہ داری کے ساتھ علاج کریں اور اپنے فرائض میں کوتاہی نہ کریں ۔ اگر انہیں کوئی مسئلہ ہو تو اسے اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لائیں ۔ انہوں نے اس ہاسپٹل اور اس کے اسٹاف سے بھی کہا کہ وہ ہر ماہ جائزہ اجلاس منعقد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آروگیہ تلنگانہ ( صحت مند تلنگانہ ) کے مقصد کے حصول کے لیے کام کررہی ہے ۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں سرکاری دواخانوں کی حالت خراب تھی اور کئی مسائل تھے لیکن اب حالت بدل گئی ہے اور بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سرکاری دواخانوں میں عصری آلات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شراون سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ، ڈاکٹر رمیش ریڈی ڈی ایم اے ، مئیر بی رام موہن اور دوسرے موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT