Tuesday , October 24 2017
Home / پاکستان / غلام علی کی ہندوستان میں پروگرام کی تردید

غلام علی کی ہندوستان میں پروگرام کی تردید

کراچی ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مشہور و معروف غزل گلوکار غلام علی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ انہوں نے ڈسمبر میں نئی دہلی یا جے پور میں پروگرامس پیش کرنے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔ گذشتہ شب جیو نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر جے پور میں کسی نے میرے پروگرام کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہے۔ میں نے ایسے کسی بھی پروگرام کے لئے کوئی تاریخ نہیں دی ہے۔ یاد رہے کہ افسانوی گلوکار کو گذشتہ ماہ ممبئی اور پونے میں شیوسینا کے احتجاج کے بعد اپنے پروگرامس منسوخ کرنے پڑے تھے۔ انہوں نے 8 نومبر کو دہلی میں منعقد شدنی پروگرام کو بھی منسوخ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہندوستان میں پروگرام پیش کرنے کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں۔ ان کا دل گوارہ نہیں کررہا ہیکہ وہ ہندوستان جاکر کوئی پروگرام کریں۔ قبل ازیں شیوسینا کارکنوں نے اپنے احتجاج کے ذریعہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہند ۔ پاک کرکٹ میچ بھی منسوخ کروایا تھا۔ غلام علی کا ممبئی پروگرام منسوخ ہونے کے بعد حکومت مغربی بنگال اور حکومت دہلی نے انہیں اپنی اپنی ریاستوں میں پروگرام کیلئے مدعو کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT