Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / غنڈہ عناصر اور پشت پناہی والے پولیس ملازمین کو انتباہ

غنڈہ عناصر اور پشت پناہی والے پولیس ملازمین کو انتباہ

گوشہ محل اور آصف نگر کے غنڈہ عناصروں کی کونسلنگ ، ڈی سی پی وینکٹیشورا کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ویسٹ زون کے حدود میں غنڈہ عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنے والے پولیس ملازمین کو ڈی سی پی ویسٹ زون نے سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشورا نے آج آصف نگر اور گوشہ محل ڈیویژن سے وابستہ روڈی عناصر کی کونسلنگ کی ۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے پی ڈی ایکٹ کا سامنا کرچکے روڈی عناصر اور بدنام زمانہ روڈی شیٹرس کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور کہا کہ اگر وہ اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لاتے ہیں تو ان کے خلاف دوبارہ پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں راست طور پر شکایتیں حاصل ہورہی ہیں کہ بعض غنڈہ عناصر جبراً وصولی ، اراضیات کے معاملات میں ملوث ہوکر شہریوں کو ڈرا دھمکانے میں سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے پولیس ملازمین بالخصوص حبیب نگر پولیس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے دوستانہ تعلق کو بحال کرے بلکہ روڈی عناصر سے نہیں ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشورا نے کہا کہ انہیں گولکنڈہ علاقہ سے راست شکایتیں حاصل ہورہی ہیں کہ اس علاقہ میں سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کی کوششیں زور و شور سے جاری ہے اور اس کے علاوہ اراضی کے معاملات اور آپسی تنازعات کو حل کرنے کے نام پر معصوم عوام کو پریشان کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے چھوٹا بازار علاقہ سے تعلق رکھنے والے مخصوص افراد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہیں سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور پولیس عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ ان کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT