Wednesday , July 26 2017
Home / ہندوستان / غیر بی جے پی حکومتوں کا تختہ الٹنے کی کوشش:جنتا دل (یو)

غیر بی جے پی حکومتوں کا تختہ الٹنے کی کوشش:جنتا دل (یو)

نئی دہلی، 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل متحدہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر اپنا سیاسی دبدبہ بڑھانے کیلئے غیر بی جے پی حکومتوں کا تختہ الٹنے کی سازش رچنے کا آج الزام لگاتے ہوئے کہاکہ کئی ریاستی حکومتوں کو مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کے توسط سے بھی پریشان کیا جا رہا ہے ۔جنتا دل متحدہ کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہاکہ بی جے پی دہلی میں کجریوال حکومت، مغربی بنگال میں ممتا حکومت اور اڈیشہ میں نوین پٹنائک حکومت کو اپنے سیاسی فائدہ کے لئے معزول کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان حکومتوں کے خلاف اکثر نئی سازشیں کی جا رہی ہیں اور اتحادی حکومتوں کے سلسلے میں افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ تیاگی نے الزام لگایا کہ دہلی میں کپِل مشرا معاملے کی اسکرپٹ بی جے پی نے لکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنتا دل متحدہ غیر بی جے پی حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور وہ مرکز کے کسی کھیل کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔واضح رہے کہ دہلی حکومت میں وزیر رہنے والے مشرا نے وزیر اعلی اروند کجریوال پر بدعنوانی کے الزام لگائے ہیں اور مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) اور کئی سطحوں پر اس سلسلے میں شکایتیں بھی کی ہیں۔ مشرا کو کابینہ سے ہٹانے کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی سے بھی معطل کردیا گیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT