Friday , May 26 2017
Home / شہر کی خبریں / غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حیدرآباد میں عنقریب مہم

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حیدرآباد میں عنقریب مہم

تعمیرات کو رکوانے کے اقدامات ، حکومت تلنگانہ کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی کی تیاری
حیدرآباد۔7اپریل (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے حدود میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے متعلق خصوصی مہم شروع کی جائے گی اورجاری تعمیرات کو فوری رکوانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب شہر حیدرآباد کے حدود میں غیر مجاز اور بغیر اجازت جاری تمام تعمیرات کو فوری اثر کے ساتھ رکوانے کی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے اورکہا جا رہا ہے جو تعمیرات اجازت کے حصول کے بغیر جاری ہیں ان تعمیرات کو رکواتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی شروع کی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کے دوران بلدی حدود میں غیر مجاز تعمیرات کو روکنے اور ان پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے علاوہ تعمیری خلاف ورزیوں کے مرتکب عمارتو ںکو منہدم کرنے سے بھی اجتناب نہیں کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی وزارت بلدی نظم و نسق کی جانب سے جاری کردہ احکام میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زیر تعمیر عمارتوں کو جو بغیر اجازت تعمیر کی جا رہی ہیں فوری رکوانے کے اقدامات کریں تاکہ تعمیرات مکمل ہونے کے بعد پیش آنے والی دشواریوں سے نمٹا جاسکے۔ شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں احکام کی وصولی کے بعد شہر کے مختلف علاقو ںمیں جاری تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اورا سبات کی طمانیت حاصل کی جارہی ہے کہ جاری تعمیر کی قبل از وقت اجازت حاصل کی گئی ہے یا اجازت کے حصول کے مراحل میں درخواست موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری حدود میں جاری تعمیرات کے ساتھ ساتھ نواحی علاقو ںمیں جاری نئی تعمیرات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ نوآبادیاتی علاقو ںمیں تمام تعمیرات بلدی قوانین کے مطابق انجام دی جا سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گرمائی تعطیلات کے دوران اس کاروائی کا مقصد بغیر اجازت تعمیرات انجام دینے والوں کو عدالت سے رجوع ہونے کا موقع نہ فراہم کرنا ہے کیونکہ عام طور پر جب کبھی اس طرح کی کاروائی شروع کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بلڈرس عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے انجام دی جانے والی کاروائی پر حکم التواء حاصل کرتے ہوئے تعمیرات کو مکمل کر لیتے ہیں اور جب تک مقدمات چلتے ہیں اس وقت تک غیر قانونی تعمیرات بھی فروخت ہوجاتی ہیں ۔اسی لئے گرمائی تعطیلات کے دوران اس کاروائی کو انجام دیتے ہوئے فوری طور غیر قانونی تعمیرات کو روک دیا جائے اور انہیں اجازت کے حصول اور قوانین کے مطابق تعمیرات کو یقینی بنانے کیلئے مجبور کیا جائے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT